اسلام آباد یونائیٹڈ کو فائنل تک رسائی کے لیے 155 رنز درکار


پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا کوالیفائنگ میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان جاری ہے جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کو اگلے اتوار کو ہونے والے فائنل میں پہنچنے کے لیے 155 رنز کی ضرورت ہے۔

ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی کراچی کنگز نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے جانے والے کوالیفائیر میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ ابتدا میں زیادہ سودمند ثابت نہ ہوا۔

کپتان مصباح الحق کی غیر موجودگی کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے میچ کا آغاز زبردست طریقے سے کیا اور محمد سمیع نے میچ کے چوتھے اوور میں خرم منظور کا اپنی ہی بولنگ پر شاندار کیچ لیا اور پھر آخری گیند پر کراچی کے سب سے کامیاب بلے باز بابر اعظم ایک غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

آٹھویں اوور میں کپتان آئن مورگن بھی عماد بٹ کی گیند پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دسویں اوور کے اختتام تک کراچی کنگز نے 52 رنز بنائے تھے۔

جو ڈینلی اور کولن انگرام نے اس کے بعد اننگز کو سنبھالا دیا لیکن جے پی ڈومنی کی قیادت میں اسلام آباد کے بولرز نے نپی تلی بولنگ جاری رکھی۔

ان دونوں کے درمیان 82 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے کراچی کنگز کو مناسب ہدف تک لے جانے میں بڑی مدد کی۔

جو ڈینلی نے 51 رنز بنائے لیکن محمد سمیع کی گیند پر وہ ہٹ وکٹ ہو گئے۔

آخری چند اوورز میں کولن انگرام نے دھواں دار بیٹنگ کی اور ناقابل شکست 68 رنز بنائے جس میں چھ چھکے بھی شامل تھے۔

ان کی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونایئٹڈ کی جانب سے محمد سمیع نے دو وکٹیں حاصل کی۔ فہیم اشرف نے بھی ایک وکٹ حاصل کی لیکن وہ کافی مہنگے ثابت ہوئے اور انھوں نے چار اوورز میں 53 رنز دیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp