سیکس اینڈ سٹی سٹار سنتھیا نکسن نیویارک گورنر کی دوڑ میں


سنتھیا نکسن

سنتھیا نکسن اگر نیویارک کا گورنر منتخب ہونے میں کامیاب ہو گئیں تو وہ نیویارک کی پہلی گے گورنر ہوں گی

مشہور ٹی وی پروگرام ’سیکس اینڈ سٹی‘ کی سٹار سنتھیا نکسن نے نیویارک کے گورنر کے لیے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

سنتھیا نکسن نے ایچ بی او کی ’سیکس اینڈ سٹی‘ سیریز میں میرانڈ ہابز کا کردار ادا کیا۔

سنتھیا نکس کا مقابلہ نیویارک کے موجودہ گورنر اینڈریو کومیو سے ہو گا۔

اکاون سالہ لبرل ورکر سنتھیا نکسن کے بارے میں سوچا جا رہا تھا کہ وہ نیویارک کے گورنر کے لیے انتخاب لڑیں گی۔ وہ اس سے پہلے کسی عوامی عہدے پر فائز نہیں رہی ہیں۔

سنتھیا نکسن نے 1998 سے 2004 تک ’سیکس اینڈ سٹی‘ پروگرام میں ایک وکیل کا کردار ادا کیا۔ انھیں اپنی اداکاری کے لیے دوہزار چار میں ایمی ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

انھوں نے ایمی ایوارڈ موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وصول کیا تھا جب وہ ٹی وی سلیبرٹی ٹی وی تھے۔ سنتھیا نکسن صدر ٹرمپ کے صدارت کی ناقد ہیں۔

سنتھیا نکسن نے 2012 میں کرسٹین میرینومی سے شادی کی۔ مس کرسٹی میرینومی ایک ماہ پہلے تک نیویارک کے سٹی میئر بل ڈی بلیسیو کے لیے کام کرتی تھیں۔

سنتھیا نکسن اور ان کی بیوی کرسٹی میرینومی نے بل ڈی بلیسو کی الیکشن مہم میں مالی مدد کی تھی۔

سنتھیا نکسن نے اپنے امیدوار بننے کا اعلان ایک ویڈیو میں کیا جس میں انھوں نے کہا ’ میں نیویارک سے محبت کرتی ہوں، میں نے کبھی نیویارک سے باہر رہنے کا نہیں سوچا لیکن کچھ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا ’ہم چاہتے ہیں کہ ہماری حکومت ایک بار پھر ٹوٹے ہوئےانڈرگراؤنڈ ریلوے سٹسم ، قیدیوں سے بھری ہوئی جیلوں اور صحت عامہ کے لیے کام کرے۔‘

انھوں نے کہا کہ میں ایسے سیاستدانوں سے تنگ ہوں جو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے صرف طاقت اور ہیڈلائنز میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ ’ہمیشہ کے لیے ایسا نہیں ہو سکتا۔ نیویارک پورے ملک میں سب سے غیرمساوی ریاست ہے جہاں انتہائی دولت اور انتہائی غربت پائی جاتی ہے۔‘

سنتھیا نکسن ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی نقاد ہیں۔ جنوری میں سی این این کے لیے لکھے گئے ایک مضمون میں انھوں نے کہا ہم نے صدر ٹرمپ کی صدارت کے پہلے سال میں اگر کچھ سیکھا ہے تو وہ یہ ہے کہ ’ گھڑ سواروں کا کوئی لشکر ہمیں بچانے کے لیے نہیں آئے گا۔ اگر ہم تبدیلی چاہتے ہیں تو ہم میں سے ہر کسی کو 2018 میں باہر نکل کر حالات کو اپنے قابو میں کرنا ہو گا۔ ہم خود ہی اپنا لشکر ہیں۔‘

سنتھیا نکسن ، کرسٹی میرینومی

سنتھیا نکسن نے 2012 میں کرسٹی میرینومی سے شادی کی

کیا سنتھیا نکسن جیت سکتی ہیں

اگر سنتھیا نکسن نیو یارک کی گورنر بننےمیں کامیاب ہو گئیں تو وہ نیویارک کی پہلی گے گورنر ہوں گی۔

ان کی انتخابی مہم انھیں گورنر اینڈ کیومو کا ترقی پسند متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

گورنر اینڈریو کومیو جو تیسرے بار گورنر کے لیے امیدوار ہیں، انھیں 2020 کے صدارتی انتخابات کے لیے امیدوار تصور کیا جاتا ہے۔

گورنر کومیو اپنے حریفوں سے خائف نظر نہیں آتے۔ انھوں نے کہا میں کسی امیدوار کے بارے میں نروس نہیں ہوں۔ ’کچھ لوگ ہوں گے جو الیکشن میں حصہ لیں گے، اسی کو انتخاب کہتے ہیں۔‘

سنتھیا نکسن، ڈونلڈ ٹرمپ

سنتھیا نکسن نے 2004 میں اپنی ایمی ایوارڈ ڈونلڈ ٹرمپ سے وصول کیا تھا لیکن وہ صدر ٹرمپ کی بڑی نقاد ہیں

سنتھیا نکسن کی انتخابی مہم گورنر کے پچھلے انتخاب میں بائیں بازو کے خیالات کے حامل ایک کالج ٹیچر زیفر ٹیکوٹ کی طرح کی مہم چلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ زیفر ٹیکوٹ نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اس نے ماہرین کو حیران کر دیا تھا۔ غیر معروف زیفر زیکوٹ نے چونتیس فیصد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ گورنر اینڈریو کومیو باسٹھ فیصد ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔

ایک حالیہ سروے کےمطابق نیویارک کے موجودہ گورنر چھیاسٹھ فیصد ووٹ حاصل کر سکتے ہیں جبکہ سنتھیا نکسن کو اٹھارہ فیصد ووٹ ملنے کی توقع ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp