واٹس ایپ پہ غلطی سے کیا گیا ایک میسج جو ان دونوں کی شادی کی وجہ بن گیا


سوشل میڈیا پر لڑکے لڑکی کی ملاقات محبت میں بدلنے اور شادیاں ہونے کی خبریں تو گاہے آتی رہتی تھیں، اب واٹس ایپ کی ایک ایسی انوکھی پریم کہانی منظرعام پر آ گئی ہے جس نے اجنبی مرد اور خاتون کو میاں بیوی بنا دیا۔

لندن کے رہائشی 44سالہ مائیکل ایونجیلو نامی شخص نے واٹس ایپ پریاددہانی کے لیے اپنے آپ کو ایک میسج کیا جو غلطی سے لینا ڈالبیک نامی 37سالہ خاتون کو چلا گیا۔ حسن اتفاق دیکھئے کہ لینا بھی لندن ہی کی رہائشی تھی۔ یوں دونوں کی بات چل نکلی اور جلد محبت میں بدل گئی۔ گزشتہ دنوں مائیکل اور لینا شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مائیکل نے اپنے آپ کوبھیجے گئے پیغام میں لکھا تھا کہ ”گرلز ٹرپ“۔ جولینا کو چلا گیا اور اس نے جواب میں لکھا کہ ”ہائے! گرلز ٹرپ؟ آپ کون ہیں؟“ ساتھ ہی لینا نے دوسرا پیغام بھیجا جس میں اس نے لکھا کہ ”میرے خیال میں آپ کسی اور لینا کو یہ پیغام بھیجنا چاہتے تھے۔“جواب میں مائیکل نے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ ”سوری، میں یہ پیغام اپنے آپ کو بھیج رہا تھا۔“ یوں دونوں میں بات چیت شروع ہو گئی۔ شادی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مائیکل کا کہنا تھا کہ ”میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اس طرح حادثاتی طور پر مجھے جیون ساتھی مل جائے گا۔

اب لینا وہ عورت ہے جس کے ساتھ میں اپنی باقی کی زندگی بسر کرنا چاہتا ہوں۔“لینا نے اپنی حادثاتی محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”غلطی سے پیغام آنے کے بعد ہم گاہے ایک دوسرے سے بات کرنے لگے تھے، ایک روز ہم ایک دوسرے سے اپنی پسند و ناپسند شیئر کر رہے تھے۔ میں نے مائیکل سے کہا کہ میرا ہمیشہ سے خواب رہا ہے کہ میں دبئی میں جا کر رہوں۔ اس پر مائیکل نے کہا کہ چلو اکٹھے وہاں منتقل ہو جاتے ہیں۔ اس پر میں نے کہا کہ وہ مسلمان ملک ہے، وہاں اکٹھے رہنے کے لیے ہمیں شادی کرنی پڑے گی۔ اس پر مائیکل نے کہا’ تو پھر ہم شادی کر لیتے ہیں۔‘ اس پر میں سمجھی کہ شاید وہ مذاق کر رہا ہے۔ میں نے اس سے پوچھا کہ کیا تم سنجیدہ ہو؟ اس نے جواب دیا کہ میں بالکل سنجیدہ ہوں۔اس کے بعد ہم نے ملنے کا فیصلہ کیا اور پہلی ملاقات میں ہی مجھے بھی اندازہ ہو گیا کہ یہی وہ شخص ہے جس کی مجھے تلاش تھی۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).