فرانس: ’دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے‘ مسلح شخص کو پولیس نے مار دیا


فرانس

جنوبی فرانس کی سپر مارکیٹ میں پولیس نے دھاوا بول کر مسلح شخص کو مار دیا ہے جس نے ایک مغوی کو ہلاک کر دیا تھا۔

جنوبی فرانس کی سپر مارکیٹ میں ایک مسلح حملہ آور نے ایک مغوی کو ہلاک کر دیا ہے تاہم وہاں موجود عملہ اور گاہک فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

فرانس کے علاقے ٹریبس میں پولیس یونین کے مطابق واقعے کی اطلاع پر پولیس اہلکار سپرمارکیٹ کی جانب گئے جہاں ایک شخص شدید زخمی حالت میں موجود تھا۔

رپورٹس کے مطابق مسلح شخص کا دعویٰ تھا کہ وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ سے تعلق رکھتا ہے۔

اس سے قبل سپر مارکیٹ سے 15 منٹ کی مسافت پر کارکیسون نامی علاقے میں ایک پولیس اہلکار اس وقت گولی لگنے سے زخمی ہو گیا تھا جب وہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ جاگنگ کر رہا تھا۔ پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کو ایس جی پی پولیس، ایف او یونین کے سیکریٹری جنرل ویس لیفیبور نے بتایا کہ پولیس اہلکار کو کندھے پر اسی مشتبہ شخص نے گولی ماری تھی۔

علاقے کے میئر نے بی ایف ایم ٹی وی کو بتایا کہ اب گن مین شاپ میں ایک پولیس اہلکار کے ساتھ اکیلا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ سپر مارکیٹ میں مسلح شخص کے داخلے کے وقت زیادہ تر کام کرنے والے اور گاہک موجود تھے جو وہاں سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیے

پراسیکیوٹر کے مطابق حملہ آور نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا تعلق شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ساتھ تھا۔

ملک کے وزیراعظم نے صورتحال کو ’سنگین‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ دہشت گردی پر مبنی اقدام کی جانب اشارہ کرتی ہے۔

سپر مارکیٹ کے قریب سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جب کہ جائے وقوعہ کے قریبی علاقے کا محاصرہ بھی کر لیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سنہ 2015 میں فرانس میں بڑے شدت پسند حملے ہوئے تھے جس کے بعد ملک میں صورتحال ہائی الرٹ پر رہی ہے۔

نومبر 2015 میں پیرس حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp