’سخت سکیورٹی کے بجائے پرفارمنس پر توجہ ہے‘: جے پی ڈومینی


پاکستان سپر لیگ تھری کا فائنل کھیلنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹسمین جے پی ڈومینی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی سخت سکیورٹی کے بارے میں وہ نہیں سوچتے بلکہ ان کی توجہ کھیل پر ہے اور وہ فائنل کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہیں۔

جے پی ڈومینی مصباح الحق کے نہ کھیلنے کی صورت میں فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے۔

جے پی ڈومینی 2007 میں جنوبی افریقہ کی ون ڈے ٹیم کے ساتھ بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔

جے پی ڈومینی کا کہنا ہے کہ جب آپ ایک مرتبہ میدان میں داخل ہوجائیں تو پھر صرف اور صرف کھیل پر ہی آپ کی توجہ ہوتی ہے اور دوسری چیزیں پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔

جے پی ڈومینی کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم فائنل کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہے۔ انہیں اندازہ ہے کہ لاہور میں کھیلے گئے میچوں میں شائقین نے تمام ٹیموں کو بہت زیادہ سپورٹ کیا اور فائنل کے لیے بھی شائقین میں جوش وخروش پایا جاتا ہے۔

جے پی ڈومینی کا کہنا ہے کہ چونکہ پی ایس ایل کا کوئی بھی میچ نیشنل سٹیڈیم میں نہیں ہوا لہٰذا اس کی وکٹ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

جے پی ڈومینی کا کہنا ہے کہ اگر زلمی کی ٹیم کے پاس بھرپور فارم میں کامران اکمل موجود ہیں تو اسلام آباد یونائیٹڈ میں لیوک رانکی بھی شامل ہیں جو بہت ہی زبردست فارم میں ہیں اور سب سے اہم بات کنڈیشنز سے خود کو بہت جلد ہم آہنگ کرنا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کراچی میں فائنل کا انعقاد بڑی اہمیت کا حامل ہے اور انہیں ایک بار پھر نیشنل سٹیڈیم میں داخل ہوکر بہت زیادہ خوشی محسوس ہورہی ہے۔

یاد رہے کہ وقار یونس نے انتیس سال قبل اسی نیشنل سٹیڈیم میں اپنے ٹیسٹ کریئر کی ابتدا بھارت کے خلاف کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp