پی ایس ایل تھری کا فائنل آج شام کراچی میں


پاکستان سپرلیگ تھری کا فائنل آج شام اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کے کھیلنے کا امکان بہت کم ہے۔ کراچی کنگز کے خلاف لیگ میچ میں ٹائمل ملز کی ایک تیز گیند کلائی پر لگنے سے انہیں ہیئر لائن فریکچر ہوگیا تھا اور وہ پلےآف نہیں کھیل سکے تھے ۔ان کی غیرموجودگی میں جے پی ڈومینی نے قیادت کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔

اسلام آباد یونائئٹڈ اور پشاور زلمی دونوں ایک ایک مرتبہ پی ایس ایل جیت چکی ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 میں پہلی پی ایس ایل جیتی تھی۔ فائنل میں اس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔

مزید پرھیے

گذشتہ سال کھیلی گئی پی ایس ایل میں پشاور زلمی فاتح رہی تھی۔ فائنل ہارنے والی ٹیم ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تھی۔

اس بار اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہی۔ اس نے دس میں سے سات میچز جیتے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دبئی میں کھیلے گئے پلے آف میں کراچی کنگز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پشاور زلمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر رہنے کی وجہ سے پہلا ایلیمنیٹر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلی تھی جس میں اس نے ڈرامائی انداز میں صرف ایک رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پشاور زلمی نے دوسرے ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز کو تیرہ رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

دونوں ٹیمیں خاصی متوازن اور ہم پلہ دکھائی دیتی ہیں۔

پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن وکٹ کیپر اوپنر کامران اکمل پر بہت زیادہ انحصار کرتی آئی ہے۔ وہ گزشتہ سال کی طرح اس پی ایس ایل میں بھی سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ وہ اب تک ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے چار سو چوبیس رنز بناچکے ہیں۔

کامران اکمل کے علاوہ زلمی کی بیٹنگ لائن محمد حفیظ۔، ڈوئن سمتھ اور رکی ویسلز پر مشتمل ہے۔

زلمی کی بولنگ لائن میں حسن علی، کرس جارڈن، وہاب ریاض، عمید آصف، ثمین گل اور لیم ڈاسن شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو بھی اپنے اوپنر لیوک رانکی کی شاندار بیٹنگ سے زبردست حوصلہ ملا ہے جو چار نصف سنچریوں کی مدد سے تین سو تراسی رنز بناچکے ہیں۔ ان کے علاوہ جے پی ڈومینی، حسین طلعت اور آصف علی سے بھی یونائتٹڈ کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

بولنگ میں سٹیون فن، محمد سمیع، فہیم اشرف، سمت پاٹل اور شاداب خان شامل ہیں۔

اس پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے اعزاز کے لیے فہیم اشرف اور وہاب ریاض کے درمیان مقابلہ ہے۔

فہیم اشرف اب تک سترہ وکٹیں حاصل کرکے سرفہرست ہیں جبکہ وہاب ریاض کی وکٹوں کی تعداد سولہ ہے۔

علیم ڈار اور شوزیب رضا فائنل کے امپائرز ہوں گے۔ احمد شہاب ٹی وی امپائرکی ذمہ داری نبھائیں گے جبکہ سری لنکا کے روشن مہانامہ میچ ریفری ہونگے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32496 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp