ترور سے آفریدی بھی ڈرتے ہیں اور مفتی بھی


برج اک مینار سا تھا گاؤں میں جو شاید اس لیے بنایا گیا تھا کہ کوئی حملہ ہو لڑائی وغیرہ ہو تو اس پر بیٹھ کر گاؤں کا دفاع کیا جائے۔ ہم اس برج پر چڑھ کر نظارے دیکھنا چاہ رہے تھے۔ یہ جمرود میں آفریدیوں کا ایک گاؤں تھا جہاں ہم اپنے ملک صاحب سے پوچھ رہے تھے کہ اس برج پر چڑھ جائیں۔ دیوانے سے ہم اور پاگل سے ہمارے ملک صاحب تھے۔ ہر الٹے کام کی فوری حمایت کرتے تھے۔

برج پر چڑھتے تو گھر بھی اندر سے دکھائی دیتے۔ کوئی خفا بھی ہو سکتا تھا۔ ملک صاحب نے کہا مڑا ٹول اخپل وان دی لاڑ شا یعنی سب اپنے ہیں جاؤ دیکھ لو۔ یہ کہہ کر ہم میں سے دو تین کو بولا کہ تاسو چہ لاڑ نہ شے۔ تم لوگ مت جانا سمجھ آ گئی کہ کیوں انہیں روکا تھا وہ آفریدی نہیں تھے، کون تھے نہیں بتاتا۔

ہم برج پر چڑھنے لگے تو ملک صاحب کو ان کو نوکر نے کان میں کچھ کہا اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا او رک جاؤ سارے اور اترو نیچے کوئی بھی نہ جائے برج پر کمبختوں راکٹ لگ کے مرو گے۔ وہ بھی فی بندہ راکٹ لگے گا تم لوگوں کو اترو نیچے۔

ہم لوگ اتر آئے تھوڑا غصہ بھی تھا ملک صاحب بولے یارا خفا نشے زہ خبر نہ اوم، خفا مت ہو مجھے پتہ نہیں تھا ہماری ترور ( پھوپھی یا خالہ جو بھی زیادہ خطرناک ہو) وہ آئی ہوئی۔ اس کے موڈ کا پتہ نہیں لگتا خفا ہو تو جنگ شروع کرا سکتی ہے۔ دو تین گاؤں کی۔ برج نے کہیں نہیں جانا ترور چلی جائے گی تو بعد میں دیکھ لینا۔

جنرل مشرف کی مہربانی سے میڈیا اندھا دھند آزاد ہو چکا تھا۔ ہم لوگ مفتی صاحب کا انٹرویو کرنے گئے۔ امریکہ افغانستان پہنچا ہوا تھا۔ اسلام خطرے میں تھا کیمرے سے دنیا ڈرتی تھی۔ انٹرویو بہترین ہو گیا تھا۔ ہم مفتی صاحب کے ساتھ کھڑے برساتی نالہ دریا یا جو بھی وہ ہے اس کے کنارے کھڑے نظارے دیکھ رہے تھے۔

استاد محترم کیمرے کے ساتھ نظارے شوٹ کر رہے تھے کہ رپورٹ حسین جمیل ہو جاوے۔ مفتی صاحب نے اک دم کچھ دیکھا اور نعرہ لگایا کہ زہ خو منڈا وام کہ میں تو لگا بھاگنے کمبختو تم بھی بھاگو۔ وہ دوسرے کنارے پر ترور گھر سے نکل کر پھر رہی ہے۔ نہ پہ زما دین پوئی گی نہ اے منی او نہ ستا دغہ کیمرے نہ یرا گی۔ نہ میرے دین کو سمجھتی ہے نہ مانتی نہ تمھارے کیمرے سے ڈرتی ہے بس بھاگو۔

میری تو اللہ کے فضل و کرم سے کوئی ترور ہے نہیں۔ ایسی اک عدد ترور کی فوری ضرورت پڑ گئی ہے۔ کچھ چھوٹے اور موٹے صحافی سیدھے کرانے ہیں اور میڈیا والے بھی فوری سستا اور اسی کوالٹی کا انصاف فراہم کرنے والے بھی۔

ویسے کوئی حسینہ کس عمر میں پہنچ کر ایسی ترور بن جاتی ہے۔ کسی کو کچھ پتہ؟

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 407 posts and counting.See all posts by wisi