گھر بیٹھے پلاٹ کے مالک مت بنیے


جب سے اسمارٹ فون مردوں کے ہاتھوں کی زینت بنے ہیں، مرد حضرات لینڈ لائن فون کی طرف نگاہ اٹھا کر دیکھنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے اور گھنٹی بجنے پر صرف نظر کرتے نظر آتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ حال ہمارا بھی ہے، چند دن قبل فون پر بیگم کو جوابات دیتے سنا اور دیکھا، تو بیگم نے نظریں چار ہوتے ہی سوال داغا کہ کیا پی ٹی سی ایل کی جانب سے کوئی فون آیا تھا، آپ کے پاس؟ اور فون ہمارے ہاتھ میں تھمادیا۔ دوسری طرف جو حضرت موجود تھے، پہلے تو انہوں نے نام اور فون نمبر کی تصدیق کی اور لگے تمہید باندھنے کہ آپ کا فون نمبر، ان دس خوش نصیب فون نمبروں میں شامل ہے جو 5 لاکھ انعام کے حق دار ٹھہرے ہیں، اس سے پہلے کہ موصوف مزید کچھ اور تمہید باندھتے اور خوش خبریاں سناتے، ہم نے کہا، میاں یہاں آپ کی دال نہیں گلنے والی کہیں اور قسمت آزمائی کریں، اتنا کہنا تھا کہ فون کاٹ دیا گیا۔

اس سے ملتا جلتا ایک اور واقعہ ہے کہ جب تھکے ماندے گھر پہنچے، تو بیگم نے کچھ توقف کے بعدکہا: قدسیہ بھابھی کو ایزی پیسا سے کچھ رقم بھجوانی ہے اور فورا ہی بھجوانی ہے اس لیے میں اور آپ ان کے ساتھ جا کر یہ کام نمٹا آتے ہیں، پھر آپ آرام کرتے رہیے گا۔ پڑوسیوں کے تو ویسے ہی بہت حقوق ہوتے ہیں اور بھابھی کے شوہر کیونکہ دوران حج انتقال کرگئے تھے اس لیے، ہم سب گھر والے ان کے ہر کام آنے کی اپنے تئیں پوری کوشش کرتے ہیں، اسی ناتے ہامی بھر لی اور کہا کہ آپ دونوں تیار ہوکر آجائیں، ہم گاڑی کے پاس ہی ملیں گے۔

جب بھابھی گاڑی کے قریب پہنچیں تو کافی پرجوش دکھائی دیں اور پوچھنے پر نہیں بتایا کہ رقم کس کو اور کیوں بھیج رہی ہیں۔ روانگی سے قبل ہی ان کے موبائل پر پھر فون آیا اور رقم جلد از جلد بھیجنے کا تقاضا کیا جانے لگا، بھابھی یقین دہانی کرانے لگیں، بس چند منٹ میں رقم پہنچ جائے گی۔ اب مسئلہ کچھ سمجھ آنے لگا تھا اس لیے ان سے موبائل مانگا اور پوچھا کون ہو تم؟ تو لائن کاٹ دی گئی۔ اب بھابھی سے پوچھا کہ کون تھا یہ؟ تو کہنے لگیں: پی ٹی سی ایل کے فون پرکال آئی تھی اور اس نے بتایا کہ آپ کا فیصل آباد میں 7 مرلے کا پلاٹ نکلا ہے اور پلاٹ کے حصول کے لیے 5 ہزار روپے ایزی پیسہ سے بھیج کر رجسٹریشن کروالیں اور پاس پڑوس میں یہ خوش خبری کسی کو بھی نہ بتائیں، اسی لیے وہ خوشخبری بتانے سے گریز کررہی تھیں۔

پڑوسی ہونے کے ناتے، ان کو سمجھانا ہمارا فرض تھا اس لیے ان کو سمجھایا کہ یہ سب دھوکا ہوتا ہے، مستقبل میں کبھی ایسی کال آئے تو محتاط رہیں اور پاس پڑوس میں مشورہ ضرور کرلیں۔ ان دنوں چاہے موبائل ہو یا گھر کے فون، خوش خبری پر مبنی پیغامات اور کالیں آنا معمول کا حصہ بن گیا ہے۔ ایسے دھوکے باز افراد کا شکار اکثر گھریلو خواتین ہی بنتی ہیں کیونکہ مرد حضرات دن کے اوقات میں گھر پر موجود نہیں ہوتے اور گھریلو خواتین ان کا آسان شکار ہوتی ہیں۔ اس تحریر کے ذریعے یہی پیغام دینا مقصود ہے کہ گھریلو خواتین محتاط رہیں، کسی نقد انعام اور گھر بیٹھے پلاٹ کا مالک بننے کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).