اگر بلندی سے نیچے گرجائیں تو بچنے کیلئے کیا کریں؟


انسان کتنی بلندی سے گر کر زندہ بچ سکتا ہے ؟ ویسے تو ایک یا 2 منزلہ عمارت سے نیچے گرنا بھی جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے مگر ایک خوش قسمت خاتون 33 ہزار فٹ کی بلندی سے گر کر بھی بچ گئی تھیں۔

یوگوسلاویہ کی ائیرہوسٹس ویسنا ویولوک طیارے پر دہشتگرد حملے کے بعد اتنی بلندی سے چھلانگ لگا کر بھی زندہ بچ گئیں تاہم شدید طور پر زخمی ضرور ہوئیں مگر کچھ عرصے بعد دوبارہ فضائی میزبان کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

تاہم اگر کوئی فرد ایک یا 2 منزلہ عمارت کی کھڑکی سے نیچے گرے تو وہ اپنے بچنے کے امکانات کو کس طرح بڑھا سکتا ہے؟

ویسے تو زندگی اور موت تو اللہ کے ہاتھ میں ہے مگر ان تدابیر کو اپنا کر کسی بلندی سے گرنے پر خود کو کسی حد تک محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

اگر کھڑکی سے نیچے گریں تو کیا کریں؟
اگر بدقسمتی سے کبھی ایسا حادثہ ہوجائے اور ممکن ہو تو کسی چیز سے چمٹنے یا پکڑنے کی کوشش کریں، ایسا کرنے پر گرنے کے عمل میں تعطل آتا ہے اور رفتار کسی حد تک کم ہوجاتی ہے۔

سننے میں شاید مذاق لگے مگر اس حادثے کے دوران اپنے مسلز کو ریلیکس کرنے کی کوشش کریں اور انہیں تناﺅ کا شکار نہ ہونے دیں۔

اپنے گھٹنوں کو تھوڑا سا موڑ لیں اور پیروں کو جوڑ لیں۔ ایسا کرنے سے دونوں ٹانگیں بیک وقت زمین سے ٹکرائیں گی اور دھچکے کی طاقت کم ہوجائے گی۔ کوشش کریں کہ زمین پر پہلے آپ کے پیروں کی انگلیوں کے سرے ٹکرائیں، جو دھچکے کی طاقت کو کافی حد تک جذب کرسکیں گے، ایسا ہونے سے ٹانگ کا فریکچر ہوسکتا ہے مگر بڑے نقصان سے بچنا ممکن ہوتا ہے۔ سیدھی ٹانگوں کے ساتھ کبھی زمین سے نہ ٹکرائیں یا انہیں پھیلائیں نہیں۔

جب نیچے گر رہے ہوں تو اپنے سر کو ہاتھوں سے کور کرلیں، اس لمحے جب پیر فرش سے ٹکرائیں تو ہوسکتا ہے کہ آپ کچھ اچھلیں اور پھر نیچے گریں۔ ایسا ہونے پر پہلو کے بل گرنے کی کوشش کریں اور سر کے گرد ہاتھ ہونا تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔

اگر آپ بچ جاتے ہیں تو خوش قسمت ہیں، اب لیٹ جائیں اور حرکت نہ کریں، بلکہ مدد کا انتظار کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).