یوٹیوب ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والی عورت کا نام نسیم اغدام ہے


کل ایک خاتون نے یوٹیوب کے کیلیفورنیا میں واقعہ ہیڈکوارٹر پر حملہ کر دیا اور تین افراد کو گولی مار دی۔ ان میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ اس کے بعد اس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ اس نے حملے کے لئے نو ایم ایم کی پستول استعمال کی۔ سان برونو پولیس نے اس خاتون کی شناخت کیلیفورنیا کی رہائشی نسیم اغدام کے نام سے کی ہے۔

پولیس کے مطابق نسیم اغدام لنچ کے وقت بیرونی ڈائننگ ایریا میں پہنچی اور اس نے فائرنگ شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق یہ دہشت گردی کا کیس نہیں ہے۔

نسیم اغدام یوٹیوب سٹار بننے کی خواہش مند تھی۔ وہ سبزی خوری اور جانوروں کے حقوق کے لئے ویڈیو بناتی تھی۔ وہ بھڑکیلے لباس پہن کر فارسی اور ترک زبانوں میں عجیب و غریب میوزک ویڈیو بناتی تھی۔

لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے وہ یوٹیوب اور گوگل پر ناراض تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ ”حقیقی دنیا میں کوئی فری سپیچ نہیں ہے“۔ ”آپ کو وہ سچ بولنے پر دبایا جائے گا جو سسٹم کے خلاف ہے“۔

اس کا الزام تھا کہ یوٹیوب اس کی ویڈیو کی ترویج میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور اسے ان کے ذریعے پیسہ کمانے سے روک رہی ہے۔ ”نشان زدہ یوزر کی ویڈیوز کو فلٹر کیا جاتا ہے اور کم دکھایا جاتا ہے تاکہ لوگ انہیں مشکل سے ہی دیکھ سکیں“۔

نسیم کے والد اسماعیل اغدام نے بتایا کہ وہ بہت غصے میں تھی۔ اسماعیل نے اپنی بیٹی کی گمشدگی کی اطلاع چند دن پہلے دی تھی اور کہا تھا کہ وہ یوٹیوب کی سان برونو میں واقع عمارت کا رخ کر سکتی ہے۔ ماونٹین ویو کی پولیس نے اسے شوٹنگ سے چند گھنٹے پہلے ایک کار میں سویا ہوا پایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).