ملالہ کے جانے کے بعد۔۔۔


ملالہ اپنی فیملی کے ساتھ 4 دن اسلام آباد اور سوات میں گزارنے کے بعد لندن واپس جا چکی ہے… اُسے دن رات لعن طعن کرنے والے فیس بکی اور ٹویٹری مجاہدین نے پوری دنیا کے سفارتی ذرائع انتہائی بہترین انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنے اعلی اخلاق سے امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے اور ملالہ کی وجہ سے قید عافیہ صدیقی کو امریکہ سے رہائی دلا کر کراچی ان کے گھر پہنچا دیا ہے…

یہی مجاہدین ہنگو میں شہید ہونے والے ہمارے محسن اعتزاز حسن کی جرات کو مثال بناتے ہوئے معاشرے کے تمام ظالم طبقات کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں جو ملالہ کی وجہ سے چھپے ہوئے تھے اور اب پاکستان میں کوئی ظالم نہیں رہا…

یہ فیس بکی اور ٹویٹری مجاہدین ہی ہیں جنہوں نے پھول جیسی ارفع کریم کی تعلیم سے لگن کو دیکھتے ہوئے اس ملک کے اڑھائی کروڑ بچوں کو بھی اسکولوں میں داخل کروا دیا ہے جو ملالہ کی وجہ سے پڑھ نہیں پا رہے تھے اور اب پورے ملک میں کوئی بچہ اسکول سے باہر نہیں ہے…

ملالہ کے واپس جاتے ہی اِن فیس بکی اور ٹویٹری مجاہدین میں سے آدھے سیدھا فلسطین روانہ ہوگئے تھے اور آدھے کشمیر… ابھی ابھی خبر ملی ہے کہ یہ مجاہدین دونوں محاذ پر کامیاب ہو چکے ہیں اور اب فلسطین اور کشمیر اسرائیلی اور بھارتی تسلط سے آزاد ہو چکے ہیں جو ملالہ کی وجہ سے زیر تسلط تھے…

اب اگلے مرحلے میں یہ مجاہدین شام اور افغانستان جا کر امن بحالی کا کارنامہ سر انجام دیں گے جو ملالہ کے باعث رکا ہوا تھا…

ملالہ کی وجہ سے پاکستان میں بیروزگاری اور فحاشی کے آنے والے طوفان کو بھی انہی مجاہدین نے بزور طاقت روک ڈالا ہے… ملالہ کی وجہ سے اس ملک کے زیر زمین زہریلے اور کھارے پانی کو بھی ان مجاہدین نے صرف اپنے منہ سے نکلنے والی جھاگ ڈال کر میٹھا کر ڈالا ہے…

انہی مجاہدین میں سے کچھ نے سپریم کورٹ جا کر بابے رحمتے کو فارغ کر دیا ہے اور ایک ہی گھنٹے میں لگ بھگ 40 ہزار زیر التوا مقدمات منصفانہ طریقے سے نمٹا دیے ہیں اور اب ان میں سے 15 مجاہد تو فی الحال سپریم کورٹ میں رک رہے ہیں جبکہ باقی مجاہدین پاکستان کی تمام تحصیلوں کا رخ کر رہے تاکہ ملالہ کی وجہ سے رکے تمام مقدمات حل کر دیے جائیں…

مغربی ایجنٹ ملالہ نے جس وقت سے پاکستان چھوڑا ہے تب سے یہ دیس جنت بن چکا ہے، فرقہ واریت سے پاک جنت کیونکہ اس ملک میں فرقہ واریت کی واحد وجہ ملالہ ہی تو تھی…

ملالہ کے اسلام آباد ائرپورٹ سے اڑتے ہی ان مجاہدین نے ماڈل ٹاؤن اور نقیب محسود سمیت پاکستانی تاریخ کے ہر ماورائے عدالت مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کروا دیا ہے کیونکہ ملالہ ہی کی نحوست سے قاتل محفوظ تھے…

کچھ فیس بکی اور ٹویٹری مجاہدین تو جذبہ سوشل میڈیا سے سرشار ہو کر ڈیورنڈ لائن پر خود اڑ کر امریکی ڈرونز کو نیچے اتار لائے ہیں اور دنیا کو حیران کر دیا ہے…

انہی مجاہدین نے 80 ہزار پاکستانی مارنے والے دہشت گردوں کا بھی چند ہی گھنٹوں میں صفایا کر ڈالا ہے جو ملالہ کی وجہ سے اب تک محفوظ تھے…

تمام مسائل اسی امریکی ایجنٹ ملالہ کی وجہ سے تھے. اب ملالہ کے جانے کے بعد پاکستان کے تمام اندرونی اور بیرونی مسائل حل ہو چکے ہیں اور پاکستان دنیا کا نمبر ون ملک بن چکا ہے…

آپ تمام پاکستانیوں کو فیس بُکی اور ٹویٹری مجاہدین کا یہ ملالہ سے پاک پاکستان مبارک ہو!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).