کون زیادہ بے وفا ہوتا ہے؛ داڑھی والے یا کلین شیو مرد؟


مغربی ممالک میں بھی اب داڑھی والے مردوں کے لئے پسندیدگی بہت بڑھتی جا رہی ہے لیکن برطانیہ کے کچھ تحقیق کاروں نے یہ عجیب و غریب دعویٰ کردیا ہے کہ داڑھی والے مردوں میں بے وفائی کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے۔

ویب سائٹ Parhloکے مطابق اس تحقیق کے دوران 2000 مردوں اور خواتین سے سوالات کئے گئے اور ان کے جوابات کے نتیجے میں یہ نتائج مرتب کئے گئے ہیں۔ ان افراد کی عمر 15 سے 55 سال کے درمیان تھی اور ان سے کئے گئے سوالات کا مقصد ان کی اخلاقیات اور نفسیات کے بارے میں جاننا تھا۔ رپورٹ کے مطابق تحقیق کے شرکاء میں سے 47 فیصد داڑھی والے مردوں نے بے وفائی کا اعتراف کیا جبکہ اس کے برعکس کلین شیو مردوں میں سے 20 فیصد نے بے وفائی کا اعتراف کیا۔ اسی طرح داڑھی والے مردوں میں سے 45 فیصد نے اعتراف کیا کہ وہ پرتشدد کارروائیوں سے لطف محسوس کرتے ہیں جبکہ اس کے برعکس 29 فیصد کلین شیو افراد کا کہنا تھا کہ وہ پرتشدد رویے کو پسند کرتے ہیں۔

تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ جب خواتین سے سوالات کئے گئے تو ان میں سے 39 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ داڑھی والے مرد کے ساتھ راہ و رسم بڑھانے سے گریز کرتی ہیں۔ ان خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں ہمیشہ یہ خدشہ لاحق رہتا ہے کہ داڑھی والے مرد کی داڑھی یا مونچھوں میں خوراک یا مشروب کی باقیات ہوسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے متعدد تحقیقات میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ مغربی ممالک میں داڑھی والے مردوں کے لئے پسندیدگی بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں اس تحقیق کے ذریعے بالکل الٹ تصویر پیش کرنا معنی خیز ہے اور کئی طرح کے شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).