سوشلستان: چینی کے پیر تلے پاکستانی پرچم‘


سوشلستان میں لوگوں کو پتا بھی نہیں چلا اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز ختم بھی ہو گئی۔ نہ کوئی ٹرینڈ نہ کوئی لائیو ٹویٹنگ، میچ کب شروع ہوا اور کب ختم کوئی پتا نہیں۔

دوسری جانب عمران خان جنہوں نے حال ہی میں انگریزی کے ساتھ اردو میں ٹویٹنگ شروع کی ہے کو وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے فوج کی سربراہ کی تعریف پر نجانے کیا سوجھا کہ انھوں نے ‏ٹویٹ کی ‘شہباز شریف کے منہ سے چیف آف آرمی سٹاف کی اچانک تعریف، تعریف کم نوکری کی درخواست زیادہ دکھائی دیتی ہے۔’

مگر ہم اس ہفتے ہم ذکر کریں گے کہ لوگ چینیوں کے خلاف کیا ٹویٹس کر رہے ہیں؟

گذشتہ روز سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک چینی پنجاب پولیس کی گاڑی پر ‘دندنا رہا ہے’ اور اس ویڈیو کو دیکھ کر ہمارا حساس سوشل میڈیا کچھ زیادہ خوش نہیں۔

لڑائی اور اس کے بعد کے معاملے پر پولیس تفتیش کر رہے مگر پاکستانی سوشل میڈیا پر لوگ اسے پاکستان کی ایک نئی چینی نو آبادی سے جوڑ رہے ہیں۔

وقار بخاری کا خیال اس سے ملتا جلتا تھا کہ ‘سی پیک ایسٹ انڈیا کمپنی نمبر 2 بننے جا رہا ہے‘۔

’یہ آئیں گے اور پھیل جائیں گے۔ ہماری مقامی کمپنیاں (اگر اس وقت تک کوئی بچی) اس سے متاثر ہوں گی، چینیوں کو پتا ہے کہ وہ ہماری حکومت کو اتنا پیسہ دے رہے ہیں جس سے ہمارے منہ بند رہیں گے۔ اور ہم تقریباً وہی کر رہے جو وہ چاہتے ہیں۔’

ندرت خواجہ کا کہنا تھا کہ ‘ایسٹ انڈیا کمپنی کے دن لوٹ آئے ہیں۔ آگے کیا ہو گا؟ ہم غلامانہ ذہنیت سے کبھی نہیں نکل سکے۔ ڈالر سے یوان ہم ہمیشہ سے فقیر رہے ہیں۔’

معروف سماجی کارکن جبران ناصر نے ٹویٹ کی کہ’ہماری حکومت اور سکیورٹی اداروں نے ان چینی شہریوں کو ایسی کون سی برتری دی ہے جس کے نتیجے میں وہ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہمارے پولیس افسروں اور شہریوں پر حملے کر سکتے ہیں اور ایک پولیس کی موبائل کی توڑ پھوڑ کر سکتے ہیں۔ اگر یہ ہمارے قوانین کا احترام نہیں کر سکتے تو ان کا یہاں کوئی کام نہیں ہونا چاہیے۔’

سید محبوب نے گاڑی کے اگلے حصے پر لگے پاکستانی جھنڈے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ‘چینی کے پیر تلے پاکستانی پرچم، کوئی دیسی ہوتا تو اب تک غداری کا مقدمہ درج ہوچکا ہوتا لیکن یہ پاکستان میں معاشی انقلاب لانے آئے ہیں۔’

ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ انفارمیشن ایج نے لکھا ‘کیا ایک پاکستانی انجینیئر ایسا چینی پولیس کے ساتھ کرنے کی جرات کرسکتا ہے، میں ایسا نہیں سمجھتا۔ پولیس ریاست کی نمائندگی کرتی ہے اور پاکستانی ریاست اتنی کمزور نہیں ہو سکتی۔’

دوسری جانب عمران احمد نے ٹویٹ کی کہ ‘نتائج پر پہنچنے سے پہلے کیا ہمیں چینی انجینئروں کا موقف بھی تو سنا جانا چاہیے۔ میرے خیال میں بات چیت میں مشکلات ایک ممکنہ مسئلہ ہو سکتا ہے۔ مجھے اس کا روز سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

عمیر نے لکھا ‘ایسے جھگڑے مستقبل میں بھی ہوں گے۔ پاکستان کو سی پیک اور اس سے جڑی آمدن کی ضرورت ہے۔ یہ حقیقت ہے۔ امید ہے وقت کے ساتھ ہم عزت نفس کا کچھ اظہار کرنا سیکھ سکیں گے اور اس طرح کے واقعات سے بہتر طریقے سے نمٹ سکیں گے۔’

پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے لکھا ‘اس کی تحقیقات ہونی چاہیں۔ کسی کو بھی، حتیٰ کہ ہمارے قریب ترین حلیفوں کو اس قسم کے قابلِ مذمت طرزِعمل کا مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ہمیں ریمنڈ ڈیوس جیسے واقعے کے ہونے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔’

جبران حیات نے سوال کیا کہ ‘کیا سی پیک کے یہ ثمرات ہوں گے؟’

ثمران سالک نے لکھا ‘ہماری پولیس پاکستانیوں کے ساتھ تو اتنے تحمل کا مظاہرہ نہیں کرتی۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp