اسلام آباد میں امریکی سفارت کار نے طالب علم کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا


اسلام آباد میں دامنِ کوہ چوک پر ایک امریکی سفارت کار نے اشارہ توڑ کر ایک پاکستانی طالب علم کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

میڈیا پر نشر کی جانے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک سفید کار کو اشارہ توڑ کر موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو ٹکر مارتے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے وہ دونوں اچھل کر دور جا گرے۔

امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس واقعے میں امریکی سفارت خانے کی گاڑی ملوث تھی اور وہ اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ پاکستانی حکام سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق امریکی سفارت خانے کے فوجی اتاشی جوزف امانوئل گاڑی چلا رہے تھے۔

عام طور پر ایسے معاملات میں سفارت کاروں کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہوتا ہے۔

2011 میں ایک امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس نے لاہور میں دو افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جب کہ انھیں لینے کے لیے آنے والی گاڑی نے سڑک کی رانگ سائیڈ پر چلتے ہوئے ایک شخص کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

اس واقعے کے بعد امریکہ نے پاکستان پر شدید سفارتی دباؤ ڈال کر ریمنڈ ڈیوس کو رہا کروا دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp