الیکشن میں پنکچر لگانے والے امپائر قبول نہیں کریں گے؛ عمران خان


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق نگراں حکومت ملک میں صاف شفاف الیکشن کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی تھی لیکن اب ہم الیکشن میں پنکچر لگانے والے امپائر قبول نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات میں نوازشریف اور آصف زرداری نے مک مکا کر اپنے امپائر کھڑے کئے، تمام ریٹرنگ افسران (آر اوز) بھی دھاندلی میں ملوث رہے جنہوں نے میچ فکس کیا،  اس بات کو تمام سیاسی جماعتوں نے تسلیم کیا کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی نے پیسا پانی کی طرح بہایا  لیکن اس بار ہم پورا زور لگائیں گے کہ نیوٹرل امپائر ہوں اور ایسی نگراں حکومت آئے جس کی نگرانی میں شفاف الیکشن ہوں، آصف زرداری کو پیسہ لگانے سے بھی وزیراعلیٰ کا عہدہ نہیں ملے گا، پچھلی بار پنکچر لگانے والے امپائر آئے تھے اس بار قبول نہیں کریں گے، ضرورت پڑی تو سڑکوں پر بھی نکلیں گے لیکن کسی صورت پنکچر لگانے والے امپائر قبول نہیں کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی تھیں کہ بیرون ملک تو کیا ہماری پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، لیکن پاناما میں پکڑے جانے کے بعد انہوں نے سب تسلیم کیا اور جے آئی ٹی نے ان کی ساری جعلسازی بیان کردی، پھر شریف فیملی نے اپنے فلیٹس بھی تسلیم کئے، قطری خط کو نوازشریف اور مریم نے خود ہی مسترد کردیا،  ہمارا سوال صرف اتنا ہے کہ نوازشریف بتائیں پیسا کیسے کمایا اور باہر کیسے بھجوایا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).