ریڈیو پاکستان ہر آدھے گھنٹے بعد دو منٹ کے لئے مختصر خبریں نشر کرے گا۔


ریڈیو پاکستان اپنے سامعین کو مُلکی اور غیر مُلکی حالات کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھنے کے لئے پیر سے ہر آدھے گھنٹے بعد دو منٹ کا خبروں کا خلاصہ نشر کرے گا۔ یہ خلاصہ ہفتے کے ساتوں دن صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک نشر کیا جائے گا۔ ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک اور سنگِ میل ہوگا۔ اس سے قبل رات 8 بجے ایک گھنٹے کا خبرنامہ شروع کیا گیا تھا۔ نیا خبرنامہ ٹویٹر پر اہم خبروں کے خلاصے سمیت فیس بک پر اور ریڈیو پاکستان کے آفیشل پیج پر بھی براہ ِراست نشر کیا جاتا ہے۔ اس اقدام کو سامعین میں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ان تمام انقلابی اقدامات کا سہرا ریڈیو پاکستان کے حال ہی میں تعینات ہونے والے ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افئیرجناب جاوید خان جدون کے سر جاتا ہے جو ریڈیو پاکستان میں نیشنل نیوز روم، رپورٹنگ، سوشل میڈیا اور حالاتِ حاضرہ چینل کے نگران بھی ہیں۔ آپ نے 1985ء میں سب ایڈیٹر کی حیثیت سے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا۔

جناب جاوید خان جدون نے تقریباَ تین سال تک نئی دہلی میں ریڈیو پاکستان کے خصوصی نمائندے کے طور پر خدمات سر انجام دیں اور اس دوران میں بھارت میں سفارتی امور کی کوریج، بین الاقوامی کانفرنسوں اور سیمیناروں میں بھی شرکت کی۔

جناب جاوید خان جدون نے سعودی عرب، انڈونیشیا، کیوبا، برطانیہ، جرمنی، فرانس، بیلجئیم، ناروے، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، چین، کوریا اور ایران جیسے اہم ممالک میں ریڈیو پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ آپ نے اپنی سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے سلسلے میں سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم اور اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔ ایک گھنٹہ دورانئیے کا خبرنامہ متعارف کرانے، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی نئی ویب سائٹ کے اجراء، سوشل میڈیا پر خبروں کی براہِ راست سٹریمنگ سمیت اسٹوڈیو اور نیشنل نیوز روم کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے اور ریڈیو پاکستان کی سرکاری ایپ کے اجراء کا سہرا بھی آپ کے سر ہے۔ 2006 ءاور 2014 ءمیں آپ کو پی بی سی ایکسیلینس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

آپ نے کراچی یونیورسٹی سے بی اے آنرز اور بینُ الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بینُ الاقوامی تعلقات میں ایم فل کی سند کے حامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نجمہ حنیف

ہ حنیف براڈ کاسٹ جرنلسٹ ہیں اور ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستہ ہیں۔

najma-hanif has 10 posts and counting.See all posts by najma-hanif