کیا آپ جانتے ہیں کہ جوانی میں بوڑھا کر دینے والی عام غذائیں کون سی ہیں؟


کیا آپ کو معلوم ہے کہ بہت زیادہ میٹھا کھانا جوانی میں ہی آپ کے چہرے اور جسم کو بوڑھا کرسکتا ہے؟

جی ہاں یہ حقیقت ہے کہ بہت زیادہ شکر اور ریفائن کاربوہائیڈریٹس سفید چاول، سفید ڈبل روٹی اور پاستا وغیرہ جسم میں بلڈ شوگر لیول کو بڑھا دیتے ہیں اور اسے کم بھی نہیں ہونے دیتے۔

اس کے نتجیے میں شوگر مالیکیول پروٹین سے مستقل تعلق بنالیتے ہیں خصوصاً جلد میں موجود کولیگن سے جس کے نتیجے میں جلد پر کیمیائی ردعمل ہوتا ہے اور اوپری سطح کی لچک ختم ہوجاتی ہے جبکہ وہ سخت بھی ہوجاتی ہے، اس کے باعث جوانی میں ہی بڑھاپے کے آثار جلد پر نمایاں ہونے لگتے ہیں جبکہ جھریاں بھی نمودار ہوجاتی ہیں۔

آسان الفاظ میں زیادہ میٹھا کھانے سے بڑھاپے کے 3 آثار نمایاں ہوتے ہیں جو کوئی بھی جوانی میں دیکھنا پسند نہیں کرتا یعنی جھریاں، فائن لائنز اور جلد بے رنگ ہوجانا۔

زیادہ سنگین ہو تو جلد کی رنگت گہری ہوجاتی ہے جس کی وجہ کولیگن اور ایلسٹین کو نقصان پہنچنا ہوتا ہے۔

امریکن کالج آف نیوٹریشن نامی جرنل میں شائع ایک تحقیق کے دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ساڑھے 4 سو سے زائد بالغ افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لے کر نتیجہ نکالا گیا جو لوگ زیادہ مچھلی، زیتون کا تیل اور دالیں کھاتے ہیں، ان میں جھریوں کا امکان گوشت، گھی، زیادہ چربی والی دودھ کی مصنوعات اور چینی پسند کرنے والوں کے مقابلے میں بہت کم ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق پراسیس گوشت یا جنک فوڈ، سافٹ ڈرنکس اور بیکری کی میٹھی مصنوعات جلد پر زیادہ جھریوں کا باعث بنتی ہیں، جبکہ بیج، سبز پتوں والی سبزیاں، گریاں، زیتون، سیب اور ناشپاتی عمر بڑھنے کے اثرات کو سست کردینے والی غذائیں ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ زیادہ چینی اور ریفائن کاربوہائیڈریٹس والی غذاﺅں کو زیادہ کھانے سے گریز کرنے کے ساتھ ساتھ تمباکونوشی، جنک فوڈ، تلی ہوئی غذاﺅں کو اعتدال میں کھانا چاہیے۔

اسی طرح مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق چینی کا استعمال کم کرنا تکسیدی تناﺅ کو گھٹاتا ہے خاص طور پر جنک فوڈ اور سافٹ ڈرنکس سے بچنا ضروری ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اگر بہت زیادہ میٹھا کھانے کے عادی ہیں تو اس کے اثرات کو ریورس کرنا ممکن ہے جس کے لیے مچھلی، زیتون کے تیل، پھلوں، سبزیوں اور گریوں پر مشتمل غذا کا زیادہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

دالوں، بیج، چنوں اور فائبر سے بھرپور سبزیوں کا استعمال بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ غذائیں فائبر بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول کرکے جسم کے اندر ہونے والے نقصان کو روکتی ہیں۔

ایک اور اچھا طریقہ سبز چائے کے روزانہ ایک سے دو کپ کا استعمال ہے جو جلد کے تحفظ کے لیے کولیگن کی سطح کو حرکت میں لاتا ہے جبکہ ٹماٹر کھانا بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).