انوکھا اغوا؛ تاوان میں مغوی بچے کی پھوپھی کا مطالبہ


اغواء برائے تاوان کے واقعات تو آئے روز سننے میں آتے ہیں لیکن تاوان میں زندہ سلامت لڑکی مانگنے کا واقعہ شاید آپ نے کبھی نہیں سنا ہو گا۔ یہ عجیب و غریب واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے اپنے ہمسائے کا کمسن بچہ اغواءکر لیا اور اس کی رہائی کے بدلے رقم کی بجائے بچے کی پھوپھی مانگ لی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 23 سالہ وامسی کرشنا اپنی ہمسایہ لڑکی کے پیچھے پڑا ہوا تھا لیکن جب لڑکی والوں کو پتا چلا تو انہوں نے وامسی کو پکڑ کر اس کی خوب مرمت کی۔

چند دن بعد وامسی کرشنا اپنے ہمسایوں کے بچوں کے سکول پہنچ گیا اور بتایا کہ ان کی والدہ حادثے کی شکار ہو گئی ہے اور وہ بچوں کو لینے آیا ہے۔ بچوں نے بھی سکول انتظامیہ سے کہا کہ وہ ان کا ہمسایہ ہے اور پریشانی کی حالت میں اس کے ساتھ چل دئیے۔

وامسی نے سب سے چھوٹے بچے کو اپنے ساتھ لیا اور باقی دو کو بس سٹاپ پر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ یہ دونوں بچے گھر پہنچے تو حقیقت واضح ہوئی کہ وامسی نے چھوٹے بچے کو اغواءکر لیا تھا۔

اس نے بچے کے والدین کو کال کر کے کہا کہ اگر بچہ واپس چاہیے تو اس کی پھوبھی تاوان میں دینا پڑے گی۔ گھر والوں نے اس احمق اغواکار سے نجات پانے کے لئے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور یوں اس کی تلاش شروع ہو گئی۔

ملزم کی موبائل فون کالز کے ڈیٹا سے پتا چلا کہ وہ بچے کو لے کر پونے شہر پہنچ چکا تھا۔ جب وہ پونے ریلوے سٹیشن سے باہر نکل رہا تھا تو اس کا تعاقب کرنے والے پولیس اہلکاروں نے اسے دبوچ لیا۔ خوش قسمتی سے بچہ بخیروعافیت تھا جسے والدین کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اوباش ملزم کو پولیس نے اپنا مہمان بنا لیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).