عجمان ریڈیو پہ اپنے شکوے شکایات کرنے والے لائیو کالر کے ساتھ کیا ہوا؟


گلف نیوز کے مطابق علی محمد المزروعی نامی اماراتی شہری نے 29 مارچ کے روز عجمان ریڈیو کے لائیو پروگرام ’الرابعہ والناس‘ میں کال کرکے اپنے مسائل کے بارے میں بات کرنا چاہی تو میزبان نے ان کے ساتھ بہت ہتک آمیز سلوک کیا۔ جب وہ اپنے شکوے شکایات سنانے لگے تو ریڈیو میزبان نے ان کی بات کاٹ دی اور کہنے لگا کہ یہ سب باتیں غلط ہیں اور الٹا بیچارے کالر کا مذاق اڑانے لگا۔ جب یہ فون کال سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو کراﺅن پرنس آف عجمان شیخ عمار بن حمید النعیمی نے ریڈیو براڈ کاسٹر یعقوب العودھی کو برطرف کرنے کا حکم جاری کردیا۔ اسی دن نائب صدر و وزیراعظم متحدہ عرب امارات و امیر دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے حکم جاری کیا کہ علی محمد کی تمام ضروریات چوبیس گھنٹے میں پوری کر دی جائیں۔ یہ حکم جاری ہوتے ہی علی محمد کے لئے گھر اور ملازمت کا بندوبست ہو گیا۔

گلف نیوز سے بات کرتے ہوئے علی محمد المزروعی نے ریڈیو سٹیشن کو کی گئی اس لائیو کال کے بارے میں بتایا جس میں انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، افراط زر اور اماراتی شہریوں و خود پر اس کے اثرات کے بارے میں بات کی تھی۔ انہوں نے اپنے بڑے خاندان اور روز مرہ اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کے بارے میں بھی شکوہ کیا تھا۔ علی محمد کا کہنا تھا ”میں شیخ محمد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری شکایت سن کر مجھے گھر اور ملازمت دی۔ اب میرا نیا کردار میرے معاشرے کے لئے بھی سود مند ثابت ہوگا۔ میں ان کی اچھی صحت اور طویل عمر کے لئے دعا کرتا ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ریڈیو اینکر کو برطرف کرنے اور میری شکایات سنی جانے پر مجھے انصاف مل گیا ہے۔“

علی محمد کی عمر 57 سال ہے اور وہ راس الخیمہ کے علاقے الزیت کے رہائشی ہیں۔ ان کی چھ بیٹیاں اور تین بیٹے ہیں۔ انہیں اتوار کے روز متحدہ عرب امارات کا بینہ نے بھی اپنے پاس مدعو کیا اور انہیں سوشل ریسرچر کی نوکری کی خوشخبری سنائی گئی۔ وہ وزارت کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے لئے کام کریں گے۔اس سے پہلے وہ وزارت ماحولیات میں ڈرائیور کی نوکری کرتے تھے لیکن ذیا بیطس اور بلڈ پریشر کے مسائل کی وجہ سے انہیں یہ ملازمت چھوڑنا پڑ گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).