سارہ علی خان کا کریئر اور پرینکا کی کوششیں


معروف اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان کی پہلی فلم ‘کیدار ناتھ’ تکمیل کے مراحل میں ہی پروڈکشن کے مسائل میں گھر چکی ہے۔

ہدایت کار ابھشیک کپور کے ساتھ پروڈکشن کمپنی کے اختلافات کے بعد سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ سارہ کی یہ فلم فی الحال کھٹائی میں پڑ گئی ہے لیکن سارہ کی قسمت شاید اس وقت عروج پر ہے کیونکہ حال ہی میں روہت شیٹی نے رنبیر کپور کےساتھ اپنی فلم ‘سِمبا’ کے لیے سارہ کو بطور ہیروئن سائن کیا ہے اور فلم کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم اب سارہ کی ڈیبیو فلم ہو سکتی ہے کیونکہ روہت اس فلم کو ‘کیدار ناتھ’ سے پہلے رلیز کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ 24 سالہ سارہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے کام کے حوالے سے کافی سنجیدہ ہیں اور کیدار ناتھ کی شوٹنگ رکنے کے بعد انکی ممی امریتا سنگھ کافی پریشان تھیں۔

حالانکہ ان کے پاپا سیف علی خان ابتدا میں انکے فلمی کریئر کے انتخاب پر خوش نہیں تھے اور چاہتے تھے کے سارہ فلمیں نہ کر کے کسی اور کریئیر کا انتخاب کریں۔

سری دیوی

اداکارہ سری دیوی کو فلم ‘موم’ کے لیے بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا ہے۔ سری دیوی اب اس دنیا میں نہیں ہیں اور ان کی بیٹی جھانوی کا کہنا تھا کہ ‘یہ صرف انکی تین سو فلمیں ہی نہیں بلکہ انکی پوری زندگی اور انکی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع تھا کاش کہ اس وقت وہ یہاں ہوتیں۔’

سری دیوی محض ایک اچھی اداکارہ ہی نہیں بلکہ اپنی بچیوں کے لیے بہترین ماں تصور کی جاتی تھیں۔ اس موقع پر انکے بچوں یا خاندان کو انکی کمی محسوس ہونا لازمی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

٭ کیا بالی وڈ میں ہیروئن کی ‘ایکسپائری ڈیٹ’ طے ہے؟

٭ ’ماں نے جس شخص کے ساتھ تنہا بھیجا تھا اسی نے ریپ کیا‘

سری دیوی کے ساتھ ساتھ 65 ویں نیشنل ایورڈ کے لیے اداکار ونود کھنہ بھی نیشنل ایوارڈ لینے والوں میں شامل ہیں جو سری دیوی سے پہلے انتقال کر چکے ہیں۔ فلم ‘ارادہ’ کے لیے اداکارہ دویا دتا کو بیسٹ معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ آسامی فلم ‘ولیج راک سٹار’ کو بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

اور فلم ‘باہو بلی’ کو بہترین پاپولر فلم کا ایوارڈ مِلا۔

پرینکا

خبر ہے کہ پرینکا چوپڑہ واپس بالی وڈ کا رخ کر چکی ہیں اور ایک اچھی سکرپٹ کی منتظر ہیں۔ بالی وڈ میں واپسی کے لیے ظاہر ہے پرینکا کسی بڑے بینر اور ہیرو کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں گی۔

ایسے میں افواہیں گرم تھیں کہ پرینکا سلمان خان کی فلم ‘بھارت’ میں لیڈ رول کرنے والی ہیں اور انکے لیے اس سے اچھا ‘کم بیک’ ہو ہی نہیں سکتا تھا۔

لیکن کہا جا رہا ہے کہ چونکہ سلمان خان اورانکے درمیان کافی پہلے سے تعلقات ناساز ہیں اور سلمان کافی سال پہلے ان کے ساتھ کام نہ کرنے کا ارادہ کر چکے تھے اس لیے یہ معاملہ کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا ہے حالانکہ پرینکا ہمیشہ سے ہی سلمان کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرتی رہی ہیں اور ان کی بہنوں کے ساتھ ان کی اچھی دوستی ہے۔

پرینکا جب بھی ممبئی میں ہوتی ہیں تو سلمان کی بہنوں سے ملنے ان کے گھر ضرور جاتی ہیں۔

دیکھتے ہیں کہ پرینکا کی یہ کوششیں کیا رنگ لاتی ہیں۔ ویسے وویک اوبرائے کے ساتھ سلمان کے پچھلے ریکارڈ کو دیکھ کر زیادہ امید نہیں کی جاسکتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp