مارک زکربرگ کا وائرل پیغام۔ فیس بکی مفتے کا خاتمہ


اگر آپ دنیا کے ان اہم ترین لوگوں، مثلاً اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، امریکہ، ورلڈ بینک یا آئی ایم ایف کے صدر، ایلومیناٹی اور فری میسن کے گورننگ بورڈ کے رکن اور نادرا کے شناختی کارڈ ہولڈرز میں سے ایک ہیں تو آپ کو مارک ذکر برگ کا ایک میسیج برائے فوری مدد ملا ہو گا۔ یہ میسیج اس نے اپنے اور آپ کے کسی مشترکہ اور قابل اعتماد فیس بک فرینڈ کے توسط سے بھیجا ہو گا۔

اس میسیج میں مارک ذکر برگ نے اپنے اسی بے تکلفانہ انداز میں آپ سے ایک نہایت اہم بات کی ہو گی جو وہ آپ سے بات چیت میں عموماً روا رکھتا ہے۔ مارک نے آپ کو کہا ہو گا

”ہائے میں مارک ذکر برگ ہوں، فیس بک کا ڈائریکٹر۔ لگتا ہے کہ وہ تمام انتباہ حقیقی تھے، اور فیس بک استعمال کرنے پر اب پیسہ خرچ ہو گا۔ فیس بک کے سرورز پر اتنا زیادہ لوڈ پڑ گیا ہے کہ وہ نیم مردہ ہو گئے ہیں، اس لئے ہم آپ سے یہ مسئلہ حل کرنے کے لئے مدد مانگ رہے ہیں۔ اگر آپ یہ مالا اپنی لسٹ میں موجود 18 کو بھیج دیں گے تو آپ کا آئیکون نیلا پڑ جائے گا اور اس کے بعد آپ کے لئے فیس بک مفت ہو گی۔ اگر آپ میری بات پر یقین نہیں کرتے تو کل شام چھے بجے فیس بک بند ہو جائے گی اور اسے کھولنے کے لئے آپ کو پیسے دینے ہوں گے، قانون یہی ہے۔ اگلے چوبیس گھنٹے میں فیس بک اپ ڈیٹ ہونے لگے گی۔ اگر آپ یہ اپنے تمام کانٹیکٹس کو نہیں بھیجتے تو آپ کا اپ ڈیٹ کینسل ہو جائے گا اور آپ اپنے فیس بک میسیجز سے چیٹ نہیں کر سکیں گے۔ آپ کو پیسہ دینا ہو گا اگر آپ ایک زیادہ استعمال کرنے والے یوزر نہیں ہیں یا آپ کے کم از کم دس فرینڈ ہیں۔ یہ میسیج ایس ایم ایس کر دیں اور لوگو سرخ ہو جائے گا جس سے یہ ظاہر ہو گا کہ آپ ایک یوزر ہیں“۔

بھیا پہلی بات یہ کہ آپ کو یہ نوٹ کرنا چاہیے کہ اس میسیج میں مارک ذکر برگ نے انگریزی کی اس سے بھی بری طرح ٹانگ توڑی ہے جیسی ہم دیسی لوگ توڑتے ہیں۔ اسے دیکھ کر یہ شبہ تک نہیں ہوتا کہ مارک ذکربرگ امریکہ کے پرائمری سکول میں بھی پڑھا ہو، چہ جائیکہ دنیا کی ٹاپ کی یونیورسٹی ہارورڈ میں۔ دوسری بات یہ کہ دنیا کا کون سا قانون ہے جو مفتے پر پابندی لگاتا ہے؟ اور تیسری بات یہ ہے ہمارے اپنے فُقرے دوستوں میسیج بھیجنے سے فیس بک کو کون سے اربوں ڈالر مل جانے ہیں جو اس میسیج کی تاثیر اس کے نیم مردہ سرور جی اٹھیں گے۔ بلکہ اتنے زیادہ میسیج ہوں گے تو وہ بالکل ہی فوت ہو جائیں گے۔

چوتھی بات یہ ہے کہ 2017 میں فیس بک کی آمدنی 40 ارب ڈالر، یعنی 45 کھرب روپے تھی۔ اس میں سے 15 ارب روپے ان کا خالص منافع تھا۔ وہ ان میں سے چند ملین ڈالر خرچ کر کے بھی چند نئے سرور خرید سکتے ہیں۔ وہ اپنے سرور یا کمپنی چلانے کے لئے دنیا کی غریب ترین قوموں میں سے ایک کے غریب ترین شہریوں کی محتاج نہیں ہے۔

اور پانچویں بات یہ ہے کہ فیس بک نے اپنا کوئی میسیج دینا بھی ہو گا، تو وہ ڈائریکٹ ہر فیس بک یوزر کے ان باکس میں ڈال دے گی۔ یا اس کی نیوز فیڈ میں بار بار دکھائے گی۔ اور اپنے آفیشل پیجز پر ڈالے گی۔ وہ آپ کو منتیں کر کے یا دھمکیاں دے کر اپنا میسیج بھیجنے پر مجبور نہیں کریں گے۔

ابن انشا نے ٹھیک ہی فرمایا تھا۔ ”کامن سینس اتنی بھی کامن نہیں ہوتی“۔ اور اس پر نیوٹن نے گرہ لگائی تھی کہ ”صرف دو چیزیں لامحدود ہیں، ایک کائنات اور دوسری انسان کی بدھو بننے کی صلاحیت۔ اور میں پہلی کے بارے میں پریقین نہیں ہوں“۔

Mark Zuckerberg’s Fake Message

Hi, I’m Mark Zuckerberg The Director of facebook.

Hello everyone, it seems that all the warnings were real, facebook use will cost money

If you send this string to 18 different from your list, your icon will be blue and it will be free for you.

If you do not believe me tomorrow at 6 pm that facebook will be closed and to open it you will have to pay, this is all by law.

This message is to inform all our users, that our servers have recently been very congested, so we are asking for your help to solve this problem. We require that our active users forward this message to each of the people in your contact list in order to confirm our active facebook users if you do not send this message to all your facebook contacts then your account will remain inactive with the consequence of Lose all your cont the transmission of this message. Your SmartPhone will be updated within the next 24 hours, will have a new design and a new color for the chat. Dear Facebook users, we are going to do an update for facebook from 23:00 p.m. until 05:00 a.m. on this day. If you do not send this to all your contacts the update will be canceled and you will not have the possibility to chat with your facebook messages

Will go to pay rate unless you are a frequent user. If you have at least 10 contacts

Send this sms and the logo will turn red to indicate that you are a user

Confirmed … We finish it for free Tomorrow they start to collect the messages for facebook at 0.37 cents Forward this message to more than 9 people of your contacts and it will be free of life for you to watch and it will turn green the ball of above do it and you will see.to 9 of you

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar