اوکلاہوما۔ بھیانک بگولوں کی سرزمین


اس شام ایک دم بجلی چلی گئی اور طوفان نے شدت اختیار کرلی۔ تلسا اوکلاہوما میں‌ ہمارے اپارٹمنٹ کے اوپر والی منزل سے لوگ بھاگتے ہوئے نیچے آئے اور زور زور سے دروازہ بجانے لگے۔ کیا ہم آپ کے گھر میں‌ چھپ سکتے ہیں؟ یہ نوے کی دہائی کی شروعات تھی اور ہم لوگ نئے نئے امریکہ شفٹ ہوئے تھے۔ ہمیں‌ کچھ سمجھ نہیں‌ آیا کہ یہ لوگ کس بات سے اتنا گھبرائے ہوئے ہیں۔

اوکلاہوما کی ریاست ”ٹورنیڈو ایلی“ یعنی کہ بگولوں‌ کی گلی کا حصہ ہے۔ ہر سال یہاں سے سینکڑوں‌ بگولے گزرتے ہیں جس میں‌ ہر سال کئی لوگ مرجاتے ہیں۔ اسی لیے اس ریاست میں‌ رہنے والے لوگوں‌ کے لیے موسم سے باخبر رہنا ضروری ہے۔ چند دہائیوں قبل تک جدید سائنسی آلات کی غیر موجودگی میں‌ ان بگولوں‌ کے آنے سے پہلے لوگوں‌ کو بروقت وارننگ نہیں‌ ملتی تھی کہ وہ بھاگ کر یا چھپ کر اپنی جان بچاسکیں۔ وقت کے ساتھ سائنس نے ترقی کی اور اب یہ ممکن ہوسکا ہے کہ لوگ ریڈار کے ذریعے موسم پر نظر رکھ سکیں اور بروقت خود کو بگولے کے راستے سے ہٹا لیں یا پھر پہلے سے طے کردہ پناہ گاہ میں‌ چھپ جائیں۔ جب میں‌ نے مشہور مووی ٹؤئسٹر دیکھی جو کہ اوکلاہوما میں‌ بگلولوں‌ کے بارے میں‌ تھی تو مجھے سمجھ میں‌ آیا کہ بگولے کیا ہیں اور وہ کتنے خطرناک ہیں؟ کس طرح‌ یہ طاقت ور بگولے درخت، مکان، چرند پرند اور انسان کو تنکوں‌ کی طرح‌ اڑا لے جاتے ہیں اور بے رحمی سے میلوں‌ دور پٹخ سکتے ہیں؟

جب تلسا میں‌ ہمارے بچے چھوٹے تھے تب ہمارے گھر میں‌ ابھی ٹورنیڈو شیلٹر نہیں تھا جیسے اب ہے۔ جن گھروں‌ میں‌ ٹورنیڈو شیلٹر نہ ہو، ان لوگوں‌ کو یہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ کسی مضبوط اور بڑی عمارت میں‌ پناہ لیں‌ یا پھر اپنے گھر کے سب سے اندرونی ایسے چھوٹے کمرے یا باتھ روم میں‌ چھپ جائیں‌ جس میں‌ کھڑکیاں‌ نہ ہوں۔ نارمن والے گھر میں‌ منتقل ہونے کے کچھ ہی عرصے میں‌ میں‌ نے شیلٹر بنانے والی کمپنی کو فون ملایا جنہوں‌ نے ہمارے گیراج میں‌ کھڈا بنا کر اس میں‌ بھاری دھات کا ٹورنیڈو شیلٹر اتارا اور اس کے گرد سیمنٹ ڈال کر اس کو اچھی طرح‌ پکا بنا دیا۔ جب ٹورنیڈو سائرن کی آواز آئے تو سب لوگ اپنے شیلٹر میں‌ چھپ جاتے ہیں تاکہ اگر ٹورنیڈو گھر اڑا کر لے جائے تو وہ اس طوفان سے اپنی جان بچاسکیں۔

ان بگولوں‌ کو ان کی ہوا کی رفتار کے لحاظ سے پانچ گروہوں‌ ایف ون سے لے کر ایف فائیو تک میں تقسیم کرسکتے ہیں۔ ایک ایف فائیو ٹورنیڈو میں ہوا کی رفتار 300 میل فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔ جس طرح‌ ایک چلتا ہوا پنکھا ہلکے پھلکے کاغذوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے بلکل اسی طرح‌ یہ طاقت ور بگولے مضبوط درختوں‌ کو جڑوں سے اکھاڑ لیتے ہیں‌ اور پورے مکان اڑا کر لے جاتے ہیں۔ ہمارے ساتھ یونیورسٹی میں‌ ایک میاں‌ بیوی کام کرتے تھے۔ وہ دونوں‌ شہر سے کہیں‌ باہر گئے ہوئے تھے۔ جب وہ واپس پہنچے تو ان کا مکان غائب تھا۔

ہمارے بچوں‌ نے جب ”وزرڈ آف دی آز“ مووی دیکھی تو ان کو کافی کم عمری میں اندازہ ہوگیا کہ ٹورنیڈو کیا ہیں؟ اس کلاسک فکشن مووی میں‌ مرکزی کردار ڈوروتھی اپنے گھر سمیت اپنے کتے کے ساتھ اڑ کر آز کی جادونگری میں‌ جاگرتی ہے جہاں‌ سے وہ بہت جدوجہد کے بعد اپنے گھر واپس پہنچتی ہے۔ جب میری بیٹی عائشہ چھوٹی بچی تھی تو جیسے ہی مووی میں‌ ٹورنیڈو کا سین آتا تو وہ ڈر کر چلانے لگتی تھی اور چھپ جانے کی کوشش کرتی تھی۔ کئی صدیوں‌ سے خوفناک بگولوں‌ نے اس علاقے میں‌ تباہی مچائی ہے اور بہت جانیں‌ لی ہیں۔ کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ وہ لوگوں‌ کے دل ودماغ اور نفسیات میں خوف کی طرح بیٹھے ہوئے ہیں۔ اوکلاہوما میں‌ ہر ہفتے کے دن ٹھیک بارہ بجے ٹورنیڈو کے ایمرجنسی سائرن کی مشق ہوتی ہے۔ پاکستان سے ایک اسٹوڈنٹ آیا ہوا تھا جو ایک ہوٹل میں‌ ٹھہرا ہوا تھا۔ جب سائرن بجنے لگے تو وہ پریشان ہوکر باہر نکل آیا اور یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ لوگ حسب معمول اپنے کام کاج میں‌ مصروف ہیں اور کوئی بھی سائرن پر دھیان نہیں دے رہا ہے۔ اگر آپ بھی اوکلاہوما سے گزر رہے ہوں‌ اور سائرن بجنے لگیں‌ تو آپ کو دن اور وقت کے لحاظ سے رد عمل چننا ہوگا۔

بگولوں کی عجیب و غریب کہانیاں‌ بہت سالوں سے مشہور ہیں۔ ایک مرتبہ ایک بگولے نے سارا گھر تباہ کردیا اور کچن کی میز پر انڈے بغیر ٹوٹے رکھے رہ گئے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ صرف باتھ روم کی چار دیواروں‌ کے علاوہ ان کا سارا گھر اڑ گیا اور وہ لوگ باتھ ٹب میں‌ چھپے ہوئے تھے۔ بچے کافی خوف زدہ ہوگئے تھے اور اب بھی آدھی رات میں‌ اٹھ کر رونے لگتے تھے۔

نارمن شہر کے نارمن ہیلتھ سسٹم میں‌ تین ہسپتال شامل ہیں جن میں‌ پورٹر، ہیلتھ پلیکس اور مور میڈیکل سینٹر شامل ہیں۔ کوئی تین سال پہلے ایک خطرناک ٹورنیڈو آیا جس سے مور میڈیکل سینٹر تباہ ہوگیا تھا۔ وہ ایک طاقت ور طوفان تھا جس نے بلڈنگ کو بھی تباہ کیا اور گاڑیاں‌ اٹھا کر اس کی چھت پر پھینک دی تھیں۔ ہسپتال کے قریب ایک پیٹرول اسٹیشن کو مکلمل طور پر تباہ کردیا۔ اس میں‌ کئی لوگ مر گئے تھے۔ ہسپتال کے تمام مریضوں‌ کو نچلی منزل میں‌ منتقل کردیا گیا تھا لیکن ایک خاتون لیبر میں‌ تھیں جن کے ساتھ دو نرسیں تھیں جنہوں‌ نے ان کے ہاتھ تھامے۔ یہ ان کو منتقل کرنے کی صورت حال نہیں‌ تھی۔ بگولہ آیا اور ان کے کمرے کی ایک دیوار اڑا کر لے گیا۔ اس طوفان کے دوران انہوں‌ نے اپنے بیٹے کو جنم دیا جس کا نام ٹؤئسٹر رکھا۔

کچھ سال پہلے ایف تھری ٹورنیڈو ہمارے اوپر سے گزرا جس کی آواز ٹرین کی چھک چھک کی طرح‌ تھی۔ ہم سب شیلٹر میں‌ چھپ گئے تھے۔ چھت کو کچھ نقصان ہوا جس کی مرمت کروانی پڑی۔ اچھا تھا کہ مکان کی انشورنس کی وجہ سے انشورنس کمپنی نے بل دے دیا تھا۔ بہار کا موسم آتے ہی ہواؤں کی شدت میں‌ تیزی آجاتی ہے جو یاددہانی کراتی ہے کہ ٹورنیڈو شیلٹر گھول کر اس کی صفائی کی جائے۔ سردیوں‌ میں‌ جو سوکھے پتے اور مکڑی کے جالے جمع ہوجاتے ہیں وہ نکال دیے جائیں۔ اوکلاہوما کی براؤن ریکلوس مکڑی میڈیسن کی دنیا میں‌ جانی پہچانی ہے۔ اس کی تفصیل میں‌ جائے بغیر اتنا کہنا کافی ہوگا کہ اس کا کاٹا شاید پانی نہ مانگے۔ کہیں‌ ایسا نہ ہو کہ آسمان سے گرے اور کھجور میں‌ اٹکے والا معاملہ ہو جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).