پیمرا یقینی بنائے کہ عدلیہ مخالف پروگرام نشر نہ ہوں: لاہور ہائی کورٹ


لاہور ہائی کورٹ

لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف بیانات نشر کرنے پر عبوری پابندی عائد کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نگران ادارے پیمرا کو حکم دیا ہے کہ وہ تمام ٹی وی چینلز کی نشریات مانیٹر کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ عدلیہ مخالف پروگرام نشر نہ ہوں۔

لاہور ہائی کورٹ نے یہ حکم ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی طرف سے نواز شریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے دیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ’ہم نے تقاریر کے خلاف پیمرا سے رجوع کیا لیکن وہاں حکومت نے اپنے لوگ لگائے ہوئے ہیں، جو شکایت پر نو ایکشن لکھ دیتے ہیں۔‘

عدلیہ پر تنقید نواز شریف کو توہین عدالت کے نوٹسز

پیمرا کو عدلیہ مخالف تقاریر کی نشریات روکنے کا حکم

کیا تاحیات نااہلی کا فیصلہ بدلا جا سکتا ہے؟

نواز شریف کے وکیل اے کے ڈوگر نے اظہر صدیق کے دلائل پر سوال اُٹھائے، جس پر عدالت نے اُنہیں تشریف رکھنے کا کہہ دیا۔

پیمرا کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پیمرا ایک آزاد اتھارٹی ہے۔

پیمرا کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ پروگرام ہو تو چینل کو پتہ ہوتا ہے لیکن براہ راست تقریر میں ایک دو جملے بول دینے پر پیمرا فوری نہیں روک سکتا۔ انھوں نے کہا کہ عدالت سے درخواست ہے کہ یہ معاملہ پیمرا کو بھیج دیا جائے۔

اس پر عدالت نے پیمرا کو پندرہ روز میں فیصلہ کرنے کا حکم سنایا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو عدلیہ مخالف بیان دینے پر سزا سنائی تھی اور جس بنا پر انھیں سینیٹ میں اپنی رکنیت سے بھی ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

عدلیہ مخالف بیانات دینے کے الزامات کا سامنا کئی اور اہم مسلم لیگی رہنماؤں کو بھی ہے۔

درخواست گزار کی استدعا

نواز شیرف مریم نواز

عدلیہ مخالف تقاریر کے خلاف دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا تھا کہ مریم نواز کی جانب سے جلسے، جلوسوں اور سوشل میڈیا پر عدلیہ کو تضحیک کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف بغاوت کا اعلان کر کے عوام کو اکسایا ہے۔

انھوں نے بتایا تھا کہ ان رہنماؤں کی عدلیہ مخالف تقاریر کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا ہے جبکہ ان تقاریر کو نشر کرنے سے روکنے کے لیے پیمرا کچھ نہیں کررہا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ کرنے والے سپریم کورٹ کے بینچ کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور عدلیہ مخالف تقاریر اور بیانات نشر نہ کرنے کے حوالے سے پیمرا ناکام ہو چکا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ کے خلاف بیان بازی کرنے پر نواز شریف، مریم نواز، طلال چوہدری اور رانا ثنا اللہ کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کرے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پیمرا کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp