راج کمار راؤ ’عمر سعید شیخ‘ کے کردار میں


راج کمار

STUDIO TALK PR

بالی وڈ اداکار راج کمار راؤ اپنی نئی فلم ’اومیرٹا‘ میں شدت پسند احمد عمر سعید شیخ کا کردار نبھا رہے ہیں۔

اس فلم کے کردار میں ڈھلنے کے لیے انھوں نے کئی دستاویزی فلمیں دیکھیں اور نفرت سے بھرے لیکچر سنے۔

راج کمار راؤ کے مطابق تب انھوں نے محسوس کیا کہ کس طرح سے نوجوانوں کے سیدھے سادے دماغ میں نفرت بھری جاتی ہے۔ راج کمار راؤ کا ماننا ہے کہ کچھ لوگ اس کا فائدہ اٹھا کر غلط کام کرواتے ہیں۔

اپنی اداکاری سے بالی وڈ فلم انڈسٹری میں پہچان بنانے والے راج کمار نے بی بی سی ہندی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’قرآن پاک میں جسے جہاد مقدس کہا گیا ہے وہ تشدد کی بات نہیں کرتا۔ لوگوں نے اب اپنے فائدے کے لیے ایک نئی تعریف دے دی ہے تاکہ دوسروں کو برین واش کیا جا سکے۔‘

راج کمار راؤ نے کہا کہ ’جو کچھ شام میں ہو رہا ہے وہ بہت ہی پریشان کرنے والا واقعہ ہے۔ 1993-1994 میں بوسنیا میں ایسا ہی ہو رہا تھا، جو بہت دکھی اور المناک تھا۔ دنیا کی یہ کڑوی سچائی ہے جو ہمارے آس پاس ہو رہی ہے۔‘

فلم کسی کمیونٹی یا برادری پر نہیں

راج کمار راؤ کا کہنا ہے کہ فلم ’اومیرٹا‘ دنیا میں وقوع پذیر ہو رہی غلط چیزوں کا آئینہ ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ایک سمجھدار لڑکا دنیا میں اچھی تبدیلی لا سکتا تھا، لیکن اس نے ایسا خطرناک راستہ چنا کہ ایک خوفناک دہشت گرد بن گیا۔

تاہم راج کمار راؤ نے واضح کیا کہ یہ فلم کسی کمیونٹی یا برادری پر نہیں بنی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’ہم نے کبھی نہیں سوچا کہ ہم ایک مسلم لڑکے کے دہشت گرد بننے کی کہانی بتا رہے ہیں۔ ہم اس کے مذہب پر زور نہیں دے رہے ہیں لیکن اس کی ذہنی حالت، ماحول اور اس کے ردعمل کے بارے میں بتا رہے ہیں۔ یہ فلم کبھی کسی کمیونٹی کے بارے میں نہیں تھی۔‘

اس سال راج کمار راؤ کنگنا رناوت کے ساتھ فلم ’مینٹل ہے کیا‘ کے ساتھ ساتھ ملٹی سٹارر فلم ’پھنے خان‘ میں انیل کپور اور ایشوریہ رائے بچن کے ساتھ بھی نظر آئیں گے۔

ہنسل مہتہ کی ہدایات میں بننے والی فلم ’اومیرٹا‘ 20 اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم کا ٹورینٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ورلڈ پریمیئر بھی ہو چکا ہے۔ جہاں فلم کو ملی جلی پذیرائی ملی تھی۔

اومیرٹا۔۔۔ مطلب کیا ہے اس کا؟

یہ خاموشی اور عزت کا کوڈ ہے۔

’اومیرٹا‘ اطالوی زبان کا لفظ ہے۔ اس کا استعمال مجرمانہ مافیہ میں شامل لوگوں کے لیے کیا جاتا ہے۔

یہ ایک دوسرے کے لیے وفادار رہنے کا کوڈ ہے۔ اس کے تحت وعدہ کیا جاتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے گناہ کے بارے میں پولیس کو کچھ نہیں بتائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp