عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے 20 ارکان کے نام بتا دیے


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں اپنی ہی پارٹی کے 20 ارکان صوبائی اسمبلی پر ووٹ بیچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں شو کاز نوٹس دینے کا اعلان کردیا ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ تمام ارکان کو اپنی صفائی میں ایک موقع ضرور فراہم کیا جائے گا۔

عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے 20 اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کیا جن میں نرگس علی، دینا ناز، فوزیہ بی بی ، نسیم حیات، نگینہ خان شامل ہیں جب کہ مرد اراکین میں سردار ادریس، عبید ، زاہد درانی، عبدالحق، قربان خان، امجد آفریدی، وجیہہ الزمان، بابر سلیم، عارف یوسف، جاوید نسیم ، یاسین خلیل، فیصل زمان اور سمیع اللہ زیب ٹکٹ بیچنے والوں میں شامل ہیں۔

اس حوالے سے ایبٹ آباد سے رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سوشل میڈیا کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس معاملہ پر ہم سے پوچھنے کے بجائے سوشل میڈیا میں ٹوئٹر اور فیس بک کی خبروں پر بھروسا کیا۔ سردار ادریس کا کہنا تھا کہ ایسا پارٹی کے اندرونی اختلافات کے باعث بھی ہوا ہے۔ سینیٹ انتخابات کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے مجھ سے کہا تھا کہ سردار صاحب آپ کا ووٹ مل گیا ہے اور میں نے پارٹی سے کوئی بدعہدی نہیں کی لیکن پارٹی کے اندر موجود عناصر اور سوشل میڈٰیا پر آنے والی افواہوں کی وجہ سے ان کے خلاف ایسی کاروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شوکاز نوٹس کے جواب میں اپنی بھرپور وضاحت دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کئی دوسرے ارکان نے بھی، جن پر ووٹ بیچنے کا الزام لگا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ اسے سامنے لائیں۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).