مجھے تلہ گنگ سے بچاؤ


\"omair  بھائی وقار ملک۔ آپ تو بڑے لیکھک ہو۔

کچھ تو اس گتھی کو سلجھاؤ۔

مجھے تلہ گنگ سے بچاؤ۔

یہ مجھ پر جادو کرتا ہے۔ چھیڑتا ہے مجھ کو۔

جب میں تلہ گنگ جاتا ہوں تو یہ گاڑی کو پر لگا دیتا ہے، مگر واپسی پر گاڑی ریس ہی نہیں پکڑتی۔ ہر موڑ پر آہستہ ہو جاتی ہے۔ میں بیک ویو مرر پر دیکھتا ہوں تو مجھے واپس بلاتا ہے۔ میرے حلق میں گولا سا پھنسا دیتا ہے۔ باہر سب سوکھا ہوتا ہے، لیکن گاڑی کی ونڈ شیلڈ دھندلا جاتی ہے۔ سڑک کنارے کھڑا ہر درخت اپنی بانہیں پھیلا دیتا ہے۔ اب آپ ہی کہو وقار بھائی، میں کس کس درخت سے لپٹوں۔

اور تو اور، یہ لاہور میں بھی میرے پیچھے پیچھے چلا آتا ہے۔ جب نہر کنارے لگے کسی درخت کو سڑک کی چوڑائی پر قربان ہوتے دیکھتا ہوں تو مجھے تلہ گنگ کی دھریک یاد آ جاتی ہے۔ بتاؤ نا وقار بھائی ایسا کیوں ہوتا ہے۔

\"tala\"وقار بھائی۔ آپ تو خود تلہ گنگ کے ہو۔ مجھے بتاؤ نا۔ یہ تلہ گنگ جادو گر تو نہیں ہے؟ میں جب لاہور میں نل کھول کر دانت صاف کرتا ہوں تو یہ اپنی بارانی زمین اور زیر زمین پانی کی معدوم ہوتی سطح کے ساتھ میرے سامنے کھڑا ہو جاتا ہے۔ مجھے نل کھول کر دانت نہیں صاف کرنے دیتا۔ جب لاہور میں کوئی اپنی گاڑی پانی کا پائپ لگا کر دھوتا ہے تو یہ تلہ گنگ مجھے شاکی نظروں سے دیکھنے لگتا ہے۔ کہتا ہے بتاؤ ان لوگوں کو کہ پانی ضائع نہ کریں۔ یہاں لاہور میں بھی زیر زمین پانی کی سطح کوئی اتنی تسلی بخش نہیں۔ یہاں تمہاری گاڑی تو دھل جائے گی لیکن تلہ گنگ میں گلے سوکھ جائیں گے۔

بھائی خواتین تو یہاں لاہور میں بھی نہر کنارے کپڑے دھوتی نظر آتی ہیں لیکن ایسا جادو تلہ گنگ کی گھبیر پر ہی دیکھا کہ کپڑے پر لاٹھی پڑتے پہلے نظر آتی ہے، اور آواز کچھ دیر بعد آتی ہے۔ آؤٹ آف سنک لگتا ہے۔ جیسے کوئی تکنیکی خرابی رہ گئی ہو۔ جیسے کپڑوں کو ڈنڈوں سے کوٹتی عورتیں جھوٹ موٹ کا ناٹک کر رہی ہوں، اور اصل میں واشنگ مشینوں سے کپڑے دھونے کے سپنے دیکھتی ہوں۔

اب دیکھو تلہ گنگ کی شرارت۔ دنیا میں کہیں بھی ایک’وت‘ سے یہاں کے باسی پہچانے جاتے ہیں۔ اچھا کہنا ہو تو ’وت‘۔ پھر کہنا ہو تو ’وت‘۔ احوال پوچھنا ہو تو کہیں گے ”وت کی حال اے“۔ خبر پوچھنی ہو تو بولیں گے ’وت کی ہویا‘۔

\"Talagang\"
اور یہ بتائیں وقار بھائی کہ میں کئی سال بعد بھی جاؤں تو گاؤں کا ہر معمر شخص مجھے کیسے پہچان جاتا ہے؟ جب کہ میں کسی سے واقف نہیں ہوتا۔ آنکھ پر اتنی موٹی عینک کے باوجود راستہ ٹٹولتے پھرتے ہیں ۔۔۔ پھر بھی کانپتی آواز میں مجھے روک کر پوچھیں گے، تسی محمود صاحب دے پتر او ناں۔ ہلا! وت کتنی چھٹی آئے او! (آپ محمود صاحب کے بیٹے ہیں نا، اچھا! پھر کتنی چھٹی آئے ہیں)۔ یہ تلہ گنگ کے بوڑھے گاؤں آئے ہر شخص سے چھٹی کی مدت کیوں پوچھتے ہیں؟ انہیں کیسے پتہ چل جاتا ہے کہ یہ شہری بابو بس عارضی پڑاؤ کو آیا ہے۔
وقار بھائی۔ آپ کی ڈھوک پر بھی بکریاں اگلی ٹانگیں درخت پر رکھ کر پتے کھاتی ہوں گی۔ مجھے بتائیں، کیا ان میں اور چرواہے میں کوئی ٹیلی پیتھی بھی ہوتی ہے؟ مجھے ایسا کیوں لگتا ہے کہ چرواہا بس واپسی کا ارادہ کرے گا اور بکری خود سے واپس ہو لے گی۔

مجھے تلہ گنگ سے بچا لیں وقار بھائی۔ کہیں یہ جادو کے زور پر مجھے چرواہا نہ بنا دے۔ کہیں یہ ٹیلی پیتھی سے مجھے واپس نہ بلا لے۔

عمیر محمود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عمیر محمود

عمیر محمود ایک خبری ٹیلی وژن چینل سے وابستہ ہیں، اور جو کچھ کرتے ہیں اسے صحافت کہنے پر مصر ہیں۔ ایک جید صحافی کی طرح اپنی رائے کو ہی حرف آخر سمجھتے ہیں۔ اپنی سنانے میں زیادہ اور دوسروں کی سننے میں کم دلچسپی رکھتے ہیں۔ عمیر محمود نوک جوک کے عنوان سے ایک بلاگ سائٹ بھی چلا رہے ہیں

omair-mahmood has 47 posts and counting.See all posts by omair-mahmood

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments