ٹرمپ :سٹورمی کا سکیچ مسترد، ’اس شخص کا کوئی وجود نہیں‘


ٹرمپ سٹورمی

سٹورمی ڈینیئلز نے 2011 میں بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ روابط تھے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس شخص کے سکیچ کو مسترد کر دیا جس کے بارے میں پورن فلم سٹار سٹورمی ڈینیئلزکا کہنا ہے کہ اس نے صدر کے جانب سے انھیں دھمکایا تھا۔

صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ اس شخص کا ’کوئی وجود نہیں‘ اور اس سکیچ کو ‘مکمل دھوکہ دہی’ قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے طویل خاموشی کے بعد سٹورمی ڈینیئلز کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بات کی ہے۔

سٹورمی ڈینیئلز کا اصل نام سٹیفنی کلفرڈ ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ سنہ 2006 میں ان کے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔

ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سنہ 2011 میں لاس ویگس کے ایک کار پارک میں انھیں دھمکایا گیا تھا جب وہ اپنی شیرخوار بیٹی کے ساتھ تھیں، اور انھیں مبینہ تعلق کے بارے میں خاموش رہنے کو کہا گیا۔

60 منٹ کے اس پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ ‘ایک شخص میرے پاس آیا اور مجھ سے کہا کہ ‘ٹرمپ کو اکیلا چھوڑ دو’ اس کہانی کو بھول جاؤ۔”

‘اور وہ جھکا اور اس نے میری بیٹی کو دیکھا اور کہا کہ ‘یہ ایک خوبصورت ننھی لڑکی ہے، اگر اس کی ماں کو کچھ ہوگیا تو یہ شرم کی بات ہوگی۔’

منگل کو سٹورمی ڈینیئلز اور ان کے وکیل مائیکل ایوناٹی نے ایک شخص کا سکیچ تیار کروایا اور اس شخص کی شناخت پر ایک لاکھ ڈالر کا انعام دینے کی پیشکش کی۔ بدھ کو ان کے وکیل کی جانب سے یہ انعام 131,000 ڈالر کر دیا گیا۔

یہ رقم ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن کی جانب سے سٹورمی ڈینیئلز کو ادا کی گئی رقم کی جانب بھی ایک اشارہ ہوسکتا ہے۔ خیال رہے کہ مائیکل کوہن نے سٹورمی ڈینیئلز سے غیر افشائے راز معاہدہ کرتے ہوئے 2016 کے امریکی صدارتی انتخاب سے قبل ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر کی رقم ادا کی تھی۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز غیر افشائے راز معاہدے کی خلاف ورزی پر انھیں کم از کم دو کروڑ امریکی ڈالر بطور ہرجانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/986547093610299392

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے پر کبھی دستخط نہیں کیا اور اسی بنیاد پر اویناٹی کا کہنا ہے کہ ڈینیئلز اس معاہدے سے بری الذمہ ہوتی ہیں۔

مبینہ طور پر صدر ٹرمپ کو سٹورمی ڈینیئلز سے متعلق کسی بیان بازی سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تاہم بدھ کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک حامی کے ٹویٹ کو اپنے بیان کے ساتھ دوبارہ پوسٹ کیا جس میں اس حامی کا کہنا تھا کہ یہ سکیچ اداکارہ کے اپنے سابقہ شوہر سے مماثلت رکھتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp