پنجاب میں بھی غیر متعلقہ شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی


لاہور: آئی جی پنجاب نے چیف جسٹس پاکستان کے حکم پر سیکیورٹی پر مامور 4 ہزار 610 اہلکاروں کو واپس بلا لیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ روز سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چاروں صوبوں کے آئی جیز کو غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا جس پر آئی جی خیبرپختونخوا نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرکے رپورٹ جمع کرائی تھی۔

ذرائع کےمطابق آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز نے بھی چیف جسٹس کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب بھر میں سیکیورٹی پر مامور 4 ہزار 610 اہلکاروں کو واپس بلا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں 1853 شخصیات سے سیکیورٹی واپس لی گئی ہے، 297 سیاستدانوں کی سیکیورٹی سے1347 اہلکار واپس بلا لیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کےحکم پر 527 پولیس افسران کی سیکیورٹی سے 1074 اہلکار واپس بلائے گئے ہیں، لوئر کورٹس کے 469 افسران کی ڈیوٹی سے 626 اہلکار جب کہ 23 وکلا کی سیکیورٹی پر تعینات 39 اہلکار واپس بلائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 250مذہبی رہنماؤں کی سیکیورٹی پر تعینات 296 اہلکار اور 233 شہریوں کی سیکیورٹی انجام دینے والے 1075 اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کو واپس بلانے کے لیے گزشتہ روز احکامات جاری کیے تھے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).