پی ٹی ایم کارکنان کی لاہور میں پکڑ دھکڑ جاری ہے: منظور پشتین


پاکستان

منظور پشتین نے فیس بک ویڈیو پر دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تنظیم کے کارکنان کو لاہور میں گرفتار کیا گیا ہے

پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین نے فیس بک پر اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں پی ٹی ایم کے کارکنان کو پنجاب پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ لاہور کی انتظامیہ نے پی ٹی ایم کو 22 اپریل کو موچی گیٹ پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی لیکن تنظیم کے رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلسہ ملتوی نہیں کریں گے۔

فیس بک پر اپنے ویڈیو پیغام میں منظور پشتین نے دعویٰ کیا کہ ’آپ لوگوں کو علم ہوگا کہ پی ٹی ایم کے کارکنان کی لاہور میں پکڑ دھکڑ جاری ہے اور کارکنان علی وزیر، بلال مندو خیل، عصمت شاہجہان، مزمل اور دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔’ انھوں نے مزید کہا کہ لاہور میں جلسہ ہو گا اور جہاں سے بھی پہنچ سکیں پہنچیں۔

https://twitter.com/manzoorpashteen/status/987740954810499073

انھوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پنجاب یونیورسٹی سے بھی پی ٹی ایم کے چند کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ علی وزیر کو اس وقت بھی گرفتار کیا گیا تھا جب ان کے والد اور بھائی کی لاشیں اس کے گھر کے صحن میں پڑی ہوئی تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف لاہور ہی میں گرفتاریاں نہیں ہو رہی ہیں بلکہ پہلے بھی گرفتاریاں کر چکے ہیں۔

انھوں نے درخواست کی کہ آئین کی پاسداری کی خاطر پشتونخوا کے ہر علاقے میں میں لوگ اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ تاہم انھوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ ’پر امن رہیں اور اگر کوئی آپ کو پکڑتا ہے تو اس نے پوری زندگی یہی کیا ہے لیکن آپ پرامن رہیں۔‘

پشاور

پشتون تحفظ موومنٹ کے منظور پشتین پشاور میں تحریک کے جلسے سے خطاب کر رہے ہیں

لاہور کی انتظامیہ کے اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ کیونکہ انتظامیہ نے جلسے کی اجازت نہیں دی تھی تو یہ ممکن ہے کہ پولیس نے کاروائی کی ہو۔

منظور پشتین کے اس دعوے کے بعد پشاور یونیورسٹی کے طلبہ نے پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر کی مبینہ گرفتاری کے خلاف مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔ پشاور یونیورسٹی کے طلبہ نے پنجاب پولیس کے خلاف نعرے لگائے اور پی ٹی ایم کے رہنماؤں کی گرفتاری پر تنقید کی۔

دوسری جانب بی بی سی نے جب اس حوالے سے پنجاب پولیس سے رابطہ کیا تو انھوں نے ان گرفتاریوں کی تردید یا تصدیق کرنے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ سنیچر کے روز ہی لاہور کی مال روڈ پر تحفظ پاکستان موومنٹ کے نام سے ایک ریلی نکالی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp