فردوس عاشق پیپلزپارٹی کے بعد عمران خان کو بھی چھوڑ گئیں: مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوں گی


اطلاعات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیل کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ فردوس عاشق اعوان پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر جن وعدوں کے عوض پی ٹی آئی شامل ہو ئی تھیں، عمران خان وہ وعدے وفا کرنے میں ناکام رہے۔

نیوز ایجنسی ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان تحریک انصاف میں خواتین ونگ کی صدارت چا ہتی تھی۔ پی ٹی آئی کی داخلی صورت حال کے باعث انہیں یہ عہدہ نہ دیا جا سکا۔ اس پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے دلبرداشتہ ہو کر پی ٹی آئی کو بھی خیر آباد کہہ کر ن لیگ میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ سا بق وفاقی وزیر بہت جلد ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف سے ملاقات کریں گی اور رواں ماہ کے آخر میں ن لیگ میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گی۔

واضح رہے کہ محترمہ فردوس عاشق اعوان 2002 سے 2007 تک مسلم لیگ (ق) میں شامل رہیں اور قومی اسمبلی میں اس جماعت کی نشست پر رکن اسمبلی رہیں۔ سیاسی حلقوں میں خیال آرائی کی جا رہی ہے کہ فردوس عاشق اعوان ہی کی طرح پاکستان تحریک انصاف کے موجودہ ترجمان فواد چوہدری بھی بالترتیب مسلم لیگ (ق)، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف تک کا سفر طے کر چکے ہیں۔ کیا اب فواد چوہدری بھی انہی تین سیاسی جماعتوں کے بعد اب ایک بار پھر فردوس عاشق اعوان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی سیاسی وفاداریوں پر نظرثانی کریں گے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).