’امریکی سفارتکار کا نام بلیک لسٹ میں شامل، ملک چھوڑنے قبل اجازت لینا ہو گی‘


اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کے جرم میں ملوث امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو بلیک لیسٹ کر دیا ہے جس کے بعد وہ متعلقہ حکام یا عدالت کی اجازت کے بعد ہی ملک چھوڑ سکتے ہیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد نے بی بی سی کو بتایا کہ ملزم کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا طریقہ کار کافی طویل ہے اس لیے انھیں بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج نے منگل کو اسلام آباد پولیس اور حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کے والد کی جانب سے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی سماعت کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سفارت کاروں کو ویانا کنونشین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے اس لیے انھیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا البتہ اگر کوئی سفارت کار سے یہ استثنیٰ خود واپس کر دے یا اس سے یہ واپس لے لی جائے تو پھر اُس کے خلاف ملکی قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

اس بارے میں مزید جانیے

’سفارتکار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بارے میں فیصلہ کریں‘

طالب علم کی ہلاکت پر امریکی سفیر سے احتجاج

’امریکی سفارت کار کو پاکستان سے نکالا ہی جا سکتا ہے‘

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ امریکی سفارت کار کو حاصل استثنیٰ کے بارے میں پاکستانی حکومت امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل اوروزارت خارجہ کے ڈی جی پروٹوکال کو حکم دیا کہ عدالت اس بارے میں ایک سوال نامہ تیار کرے گی جس کی روشنی حکومت جواب تیار کر کے عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔

یہ ٹریفک حادثہ سات اپریل کو پیش آیا تھا جب دارالحکومت میں دامنِ کوہ چوک پر امریکی سفارت خانے کے فوجی اتاشی کرنل جوزف نے اشارہ توڑ کر ایک پاکستانی طالب علم کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں وہ طالب علم ہلاک اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو حکم دیا تھا کہ وہ دو موٹر سائیکل سواروں کو کچلنے کے واقعے میں ملوث امریکی سفارت کار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے بارے میں ایک ہفتے میں فیصلہ کریں۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت دس روز کے ملتوی کر دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp