ائیر ہوسٹس کے انکشافات


آسمان کی بلندیوں میں پرواز کرنے والی ائیرہوسٹسوں کی دلکش گلیمرس زندگی کے بارے میں تو بہت کہانیاں سننے میں آتی ہیں لیکن ان کے پیشے سے وابستہ مسائل کیا ہیں، اور یہ ان سے کیسے نمٹتی ہیں، اس کا ذکر کم ہی سننے کو ملتا ہے۔ اس موضوع پر بات کرتے ہوئے بہت سی ائیرہوسٹسوں نے سوشل میڈیا پر دلچسپ انکشافات کئے ہیں جو واقعی حیران کن ہیں۔

اخبار ’دی مرر‘ کے مطابق برطانیہ کی بڑی ائیرلائنوں کی متعدد ائیرہوسٹسوں نے اپنا نام خفیہ رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے خفیہ پہلوﺅں پر بات کی ہے۔ ایک سابقہ ائیرلائن نے مسافروں کا سامان گم ہونے کی ایک دلچسپ وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ”کبھی کبھار ہم کسی مسافر سے ناراض ہوں تو اس کا سامان جان بوجھ کر بھی گم کر سکتے ہیں۔ ایک بار ایسا ہی ہوا کہ ایک مسافر نے اضافی بیگ رکھنے کے لئے جھگڑا شروع کر دیا۔ وہ وکیل تھا اور عدالت میں پیشی کے لئے جا رہا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اضافی بیگ ساتھ لے جانا بے حد ضروری ہے، اور اس پر خاصی بدمزگی ہوئی۔ وہ لڑ جھگڑ کر اپنی بات منوانے میں کامیاب تو ہو گیا لیکن میں نے اس کے بیگ پر لگا ٹیگ اُتا رکر علیحدہ کردیا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ اب یہ بیگ مسافر کو نہیں ملے گا بلکہ گمشدہ سامان کے ایریا میں جائے گا۔ وہ مسافر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا لیکن وہاں پہنچ کر ہی اسے پتا چلا ہو گا کہ اس کے ساتھ کیا ہو گیا ہے۔“

بعض مسافروں کو ہوائی جہاز میں ننگے پیر بیٹھنے کا شوق ہوتا ہے اور بعض تو ایسے بھی ہوتے ہیں کہ اگلی سیٹ پر پاﺅں رکھ دیتے ہیں۔ اتفاق سے یہ لوگ ائرہوسٹسوں کے لئے ناپسندیدہ ترین مسافر ہوتے ہیں۔ ایسے مسافروں کو خبردار کرتے ہوئے ایک ائیرہوسٹس نے کہا ”یہ ہماری ناپسندیدہ ترین باتوں میں سے ہے کہ کوئی مسافر ہمیں ننگے پاﺅں نظر آئے اور خاص طور پر وہ جو اپنے ننگے پاﺅں اگلے مسافر کی سیٹ پر رکھ کر سوجاتے ہیں وہ تو ہمیں بہت ہی برے لگتے ہیں۔ اگر ہمیں کوئی مسافر اس حالت میں سوتا نظر آئے تو ہم اسے جگا دیتے ہیں اور بعض اوقات تو ایسے بدتہذیب مسافروں کی سرزنش بھی کرنی پڑتی ہے۔“

ایک اور ائیرہوسٹس نے بتایا ”بعض اوقات مسافر اپنی منزل کی بجائے کہیں اور پہنچ جاتے ہیں اور اسے ائیرلائن کی غلطی تصور کرتے ہیں۔ یقینا اکثر اوقات یہ غلطی ہی ہوتی ہے لیکن بعض اوقات ائیرلائن کے عملے کی سوچی سمجھی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔ میں نے ایک بار چار مسافروں کا سفر ایسا گڑبڑ کیا کہ یہ بیچارے اپنی منزل سے 900 میل دور جااترے۔ ان مسافروں کے رویے سے تنگ آکر میں نے انہیں غلط پرواز میں بٹھادیا اور وہ دونوں کہیں کے کہیں جا پہنچے۔“

کھانے کے بارے میں مسافروں کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے ایک ائیرہوسٹس نے بتایا” جب آپ کے سامنے کھانے کی ٹرے آئے تو اس میں سے سارا کچھ اُٹھا کر اپنی پلیٹ میں مت ڈالیں۔ ٹرے پر پڑے برتنوں کو بھی ادھر اُدھر مت کریں کیونکہ وہ جس ترتیب میں آتی ہیں اسی ترتیب میں واپس جاتی ہیں۔ اگر آپ انہیں آگے پیچھے کریں گے تو وہ ٹرالی میں فٹ نہیں ہوں گی اور ائیرہوسٹسوں کے لئے یہ بات بہت پریشان کن ہوتی ہے۔

ایک ائیرہوسٹس نے سیٹ اپ گریڈ کروانے کا درست طریقہ بتاتے ہوئے کہا ”اگر آپ اپنی سیٹ اپ گریڈ کروانا چاہتے ہیں تو کبھی بھی کیبن کریو سے اس کے بارے میں بات نہ کریں کیونکہ وہ آپ کی سیٹ اپ گریڈ کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔ اگر آپ ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں تو گراﺅنڈ پر ہی متعلقہ افراد سے بات کریں۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).