’لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت پڑ گئی ہے‘


نواز شریف بدھ کے روز احتساب عدالت میں پیش ہوئے

پاکستان کے نااہل قرار دیے جانے والے سابق وزیر اعظم اور حکمراں جماعت کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے انتخابات میں جو کہا تھا کہ اُنھیں ’اوپر‘ سے حکم آیا ہے تو اس کا مطلب بنی گالہ نہیں تھا بلکہ اُس ’اوپر‘ کے بارے میں پاکستانی عوام بخوبی آگاہ ہیں۔

بدھ کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت پڑ گئی ہے‘۔

عمران خان

اُنھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ نے ’صاف گوئی یا بھول میں جماعت اسلامی کے سربراہ کو ٹیلی فون پر پیغام دیا تھا کہ سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ اوپر والوں کے حکم پر کس کو دینا ہے‘۔

امیر جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی وضاحت کرتے ہوئے صوبہ خیبر پختون خوا کے وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اُن کی ’اوپر سے حکم کی مراد کوئی اور جگہ نہیں بلکہ بنی گالہ تھی‘۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے اپنی مخالف جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ ’اوپر‘ کے حکم پر ہی دیا تھا۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ منگل کو عمران خان دورہ لاہور مختصر کر کے اس لیے اسلام آباد چلے گئے تھے کہ لاہور میں لوگوں نے انھیں کوئی ’رسپانس‘ نہیں دیا تھا۔

چوہدری نثار کے بارے میں پوچھے گئے سوال کہ کیا وہ انھیں (چوہدری نثار علی خان) کو منانے کے لیے جائیں گے، اس پر نواز شریف خاموش رہے جبکہ اُن کی بیٹی مریم نواز اس سوال پر مسکرا دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp