اکبر بگٹی کیس میں پرویز مشرف ،آفتاب شیرپاﺅ اور میر شعیب بری


\"akbarکوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد سابق صدر پرویز مشرف، سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیرپاﺅ اورسابق صوبائی وزیرداخلہ میر شعیب نوشیروانی کو کیس سے بری کردیا۔
نواب اکبر بگٹی کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج جان محمد گوہر نے کی۔ سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیرپاﺅ اور سابق صوبائی وزیرداخلہ میر شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر پرویز مشرف ، آفتاب شیرپاﺅ اور شعیب نوشیروانی کے وکلا کے علاوہ مدعی نوابزادہ جمیل بگٹی کے وکیل بھی عدالت میں موجود تھے۔
اس موقع پر عدالت نے پرویز مشرف، آفتاب شیرپاﺅ اور شعیب نوشیروانی کی کیس سے بریت کی درخواستوں پر پہلے سے محفوظ کیاگیا فیصلہ سنایا،اپنے مختصر فیصلے میں عدالت نے تینوں کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں کیس سے بری کردیا۔پرویز مشرف، آفتاب شیرپاﺅ اور شعیب نوشیروانی کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیاگیاتھا کہ ان کے موکلین کا کیس سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا انہیں اس سے بری کیاجائے۔
دوسری جانب عدالت نے نواب اکبر بگٹی کی قبرکشائی اور ڈی این اے ٹیسٹ کےلئے دائردرخواستیں بھی خارج کردیں، یہ درخواستیں کیس کے مدعی نوابزدہ جمیل اکبر بگٹی نے درخواستیں دائرکی تھیں۔جمیل بگٹی کے وکیل سہیل راجپوت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس کا فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے، تفتیشی ٹیموں کی کارکرگی ناقابل بیان ہے، ملزمان کو سزا ملنی چاہئے تھی۔
سابق وزیر داخلہ آفتاب شیر پاو نے عدالت کے فیصلے پراطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ ہم نے اپناکیس درست پیش کیا، آج یہ کیس اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا اور عدالت نے ہمیں بری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نواب بگٹی کے لواحقین کے جذبات کا احساس ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments