خواجہ آصف کون ہیں؟


پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیئر رہنما اور ملک کے وزیرِ خارجہ خواجہ آصف اپنی جماعت کے ایک اہم ستون ہیں۔

خواجہ آصف کا تعلیمی سفر

خواجہ محمد آصف نو اگست 1949 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد خواجہ محمد صفدر آل انڈیا مسلم لیگ کے رہنمائوں میں سے ایک اور تجربہ کار پارلیمنٹیرین تھے۔ خواجہ آصف نے کیڈٹ کالج حسن ابدال سے تعلیم حاصل کی۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے بیچلرز کیا اور یونیورسٹی کالج لاہور سے ایل ایل بی کیا۔ بعد میں وہ بینکاری کے شعبے سے وابستہ رہے۔ جنیوا سکول آف ڈپلومیسی نے انھیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دے رکھی ہے۔

خواجہ آصف کا سیاسی سفر

خواجہ آصف کا تعلق سیالکوٹ کی ایک اہم سیاسی فیملی سے ہے جسے سیالکوٹ کی کشمیری برادری کی سیاسی حمایت کئی دہائیوں سے حاصل ہے۔ خواجہ آصف نے اپنے آبائی علاقے سیالکوٹ سے 1993، 1996، 2002، 2008، اور 2013 میں لگاتار انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

کئی سال متحدہ عرب امارات میں رہائش کے بعد جب وہ پاکستان واپس لوٹے تو پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں پہلی مرتبہ 1991 میں منتخب ہوئے۔

نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں انھیں نجکاری کمیشن کا چیئرمین تعینات کیا گیا۔ 2008 میں جب تھوڑے وقت کے لیے مسلم لیگ نون پیپلز پارٹی کی اتحادی تھی تو خواجہ آصف کے پاس پیٹرویلم، قدرتی وسائل اور کھیل کی وفاقی وزارتیں رہیں۔

یاد رہے کہ سنہ 2012 میں خواجہ آصف کے خلاف سپریم کورٹ میں دوہری شہرت رکھنے کے حوالے سے مقدمہ کیا گیا تھا تاہم عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔

خواجہ آصف سنہ 2013 کے انتخابات میں سیالکوٹ کے حلقہ این سے 110 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ نواز شریف کی کابینہ میں انھیں دفاع اور پانی و بجلی کی وزارتوں کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

گذشتہ سال نواز شریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ سنبھالی تو خواجہ آصف کو ملک کا نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تھا اور وہ نو ماہ تک اس عہدے پر فائز رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp