کچھ ایسی باتیں جو شادی شدہ جوڑوں کو نہیں سمجھائی جاتیں


خوشگوار ازدواجی زندگی کے لئے کن باتوں کو دھیان میں رکھنا چاہئیے، یہ تو آپ نے بہت سنا ہو گا، لیکن کن باتوں پر دھیان نہیں دینا چاہئیے، آج یہ بھی جان لیجئے۔ دراصل ہمارے ہاں شادی کے متعلق نوجوانوں کو کچھ زیادہی نصیحتیں کر دی جاتی ہیں، جن میں سے اکثر پر عمل کرنا یقینا اچھی بات ہے، لیکن ان میں سے کچھ ایسی بھی ہوتی ہیں جنہیں نظر انداز کردینا ہی بہتر ہوتا ہے۔ ویب سائٹ فیمینا کی ایک رپورٹ میں کچھ ایسی ہی اہم باتوں کا تذکرہ کیا گیا ہے:

تم سارے جگ سے اچھے اور بہترین ہو

یہ بات عام طور پر لڑکیوں کو سمجھائی جاتی ہے کہ وہ شریک حیات کو یہ احساس دلاتی رہیں کہ ”تم بہترین ہو، تمہارے جیسا کوئی نہیں۔“ البتہ یہ کوئی بہت اچھی حکمت عملی نہیں ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس دنیا میں کوئی بھی کامل نہیں ہوتا۔ ہر کسی میں کچھ نہ کچھ خامیاں ضرور ہوتی ہیں۔ اگر آپ شریک حیات کو کامل قرار دیں گے تو اس کا آپ کے تعلق پر منفی اثر ہوگا۔ ہمیں ایک دوسرے کو ان کی خوبیوں و خامیوں کے ساتھ ہی قبول کرنا ہوتا ہے۔

آئیڈیل مل گیا تو زندگی چین سے گزرے گی

اگر آپ کو یہ بتایا جاتا ہے کہ آپ کا آئیڈیل مل جانے پر ازدواجی زندگی خوشگوار گزرتی ہے تو اس غلط فہمی میں نہ رہیں۔کوئی بھی شخص حقیقی طور پر مثالی نہیں ہوتا لہٰذا اگر آپ کے خیال میں آپ کو آئیڈیل مل بھی گیا ہے تو زندگی کے بہت سے معاملات میں کمپرومائز کرنے کے لئے تیار رہیں۔ شریک حیات جتنا بھی اچھا ہو بہت سی باتوں میں کمپرومائز کر کے ہی آگے بڑھا جاسکتاہے۔

شریک حیات سے کوئی بات چھپانی نہیں چاہیے

بظاہر تو یہ بھی بہت اچھا مشورہ ہے لیکن دراصل یہ ایسی نصیحت ہے جسے آپ کبھی کبھار ضرور نظر انداز کرسکتے ہیں۔ اگرچہ اہم معاملات پر ایک دوسرے سے کھل کر بات ضرور ہونی چاہیے لیکن ضروری نہیں کہ آپ اپنی زندگی کی معمولی تفصیلات سے بھی شریک حیات کو آگاہ کریں۔ ہر چھوٹی بڑی بات، اور بعض اوقات غیر ضروری بات، بھی بتائی جائے تو مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

آپ کے شریک حیات کو آپ کا بہترین دوست ہونا چاہیے

یہ بات کتابی لحاظ سے تو ٹھیک ہے لیکن حقیقی زندگی میں ایسا نہیں ہوتا اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں۔ یہ بہت اچھی بات ہے کہ اگر آپ ایک دوسرے کے بہترین دوست ثابت ہوتے ہیں اور آپ کے مشاغل اور پسند و ناپسند بھی ایک جیسی ہیں۔ حقیقت میں مگر ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا۔ تو اگر آپ ایک دوسرے کے بہترین دوست نہیں بھی ہیں تو اس میں گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ آپ کچھ اچھا وقت اپنے دوستوں کے ساتھ گزارسکتے ہیں اور اپنے گھر کو بھی ایک اچھے میاں بیوی کی طرح چلاسکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).