بہشتی دروازہ اور منی بس


\"aliصبح صبح مسافروں سے کھچاکچ بھری ہوئی منی بس میں سفر کے وقت بادلِ نخواستہ شرعی طریقے سے پائنچے پنڈلیوں تک اٹھا لینے پڑتے ہیں کیوں کہ سیٹوں کے بیچ ایک دوسرے کی جانب پشت کئے دو لائنوں میں کھڑے ہوں اور کھوے سے کھوا چِھل رہا ہو ، ایسے میں کنڈکٹر کو بیچ سے گزرنے پر اصرار ہو یا کسی مسافر کوخواتین کے لئے مخصوص حصے میں لگے ’بہشتی دروازہ‘ سے گزرنے کا شوق ہو تووہ رویہ قطار میں کھڑے لوگوں کو دھکیلتے ہوئے نیچے کچھ نظر آئے بغیر آگے قدم لیتا جاتا ہے کہ پاوں نیچے جگہ بنا ہی لیں گے بھلے کسی اورکے پیروں پر پڑیں یا پائنچوں سے لگیں انہیں کیا پرواہ۔اور جب پہلے سے بھری ہوئی بس میں نیا مسافر سوار ہونے کی کوشش کرتا ہے تو وہ بس کے پائیدان میں کھڑے مسافر کو ملتجی نظروں سے دیکھتے ہوئے ساتھ میں کہہ رہا ہوتا ہے کہ بھائی صرف ایک پاو¿ں ٹکانے کی ہی جگہ دے دو۔ جیسے یہ اس کے اختیار میں ہو۔ ہر نیا سوار ہونے والا مسافر اس کوشش میں ہوتا ہے کہ بس کا کوئی ایسا حصہ گرفت میں آجائے جسے وہ تھام کے لٹک سکے۔

اس بے تابی کا مشاہدہ دروازوں پر زیادہ نمایاں ہوتا ہے جب پاو¿ں کی جگہ ڈھونڈتے ڈھونڈتے آدھ درجن افراد دروازے اور سیڑھی سے چمٹتے جاتے ہیں اوران کے بیچ ا±ترنے والوں کو راستہ نہیں سجھائی دے رہا ہوتا کیوں کہ پائیدان اور دروازے کی ہینڈل سے لٹکے افراد بس سے نیچے قدم رکھنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ ایسا لگتا ہے جیسے ہر کوئی بس کے آہنی حصوں سے توانائی کشید کررہا ہو اور پائیدان یا ہینڈل چھوٹ جانے سے وہ پلگ آف ہوجائے گا۔

\"buses-karachi_754650\"جہاں سے آپ بس میں سوار ہوں اگر وہ اڈّے کے قریب ہو تو بس رینگنے کے سے انداز میں چلی جارہی ہوگی اور مسافر بس کے کسی بھی بجائے جانے اور کرخت آواز پیدا کئے جانے کے قابل حصّے پرہاتھ برسانا شروع کردیں گے، اب اگر ڈرائیور کے مزاج میں خاکساری ہو تو وہ التجائیہ انداز میں درخواست کرے گا ورنہ دوسری صورت میں وہ یا تو بے نیازی سے ا±سی انداز میں گاڑی چلاتا جائے گا یا طیش میں آکر مسافروں سے الجھ پڑے گا اور پھر جوں ہی ٹوکن پوائنٹ قریب آئے گا تو بس والا موت کے کنویں کے اسٹنٹ مین کی طرح بس کو اس طرح دوڑائے گا کہ پچھلی سیٹوں پر بیٹھے مسافر وں کے سر مسلسل اچھلنے کے باعث چھت سے لگ رہے ہوں گے اور کچھ مسافر منہ بھر بھر کے ڈرائیور کو گالیاں دیں گے ایسے میں ’پولیٹیکلی کریکٹ‘ بیانئے کا مارا کوئی مسافر ہو تو وہ پورے سیاسی بندوبست کو ذمّہ دار ٹھہرائے گا اورکوئی انقلابی ہو تو وہ سماج کی ساخت و پرداخت پر ہی سوالات کھڑے کردینا اور اس کے بخیے ادھیڑنا شروع کردے گا۔ اس دوران بس میں سوار ہونے اور اترنے کے لئے بھی انتہادرجے کی مہارت درکار ہے ، جو آتے آتے آئے گی۔

\"An

اگر آپ بس میں کھڑے ہوکر سفر کررہے ہیں تو اردگرد دھیان دینے کے بجائے سیٹ پر بیٹھے ، کسمساتے یا پہلو بدلتے مسافروں پرنظر رکھیں اورخالی ہوتی سیٹ پر جھپٹنے کے لئے ہر دم تیار رہیں کہ اس نفسانفسی کے عالم میں منصفانہ برتاو¿ کی توقع میں آپ سیٹ کے حصول سے محروم ہی رہیں گے۔ جب تک کھڑے ہیں اس وقت تک اپنے جسم کے دیگر مسافروں سے مس ہوتے حصّوں کے بارے میں کسی حسّاسیت کا شکار نہ ہی ہوں ویسے بھی ایمان اور آبرو سے بڑھ کر یہاں جیب کی فکر لازم ہے کہ جب حشر کا میدان سجا ہو تو پردہ داری کے تقاضے ویسے بھی ساقط ہوجاتے ہیں۔

بزرگوں سے سنا ہے کہ میدان حشر میں بھی اولاد آدم مادر زاد برہنہ ہوگی بس حالات کی سختی انہیں ادھر ا±دھر نظر دوڑانے کی مہلت نہ دے گی۔ خدا جانے کہ اس رائے کو درجہ استناد حاصل ہے کہ نہیں لیکن مستند و ضعیف کی بحث تلقین و تزکیہ اور بصائر وعبر کے عنوان سے قایم ابواب میں ویسے بھی نہیں چھیڑی جاتی، اس کے لئے تو جواز و استحباب یا عدم جواز اور کراہت کا باب مخصوص ہے ، اس سے بھی گریز مقصود ہے تو کچھ بھی کرئیے بس اظہار میں احتیاط برتیں کہ یہاں اعمال سے زیادہ تعزیریں اظہار پر قائم ہیں۔

بہر طور منی بس میں اور میدان حشر میں ایک مماثلت اور بھی ہے کہ قلب بڑے رقیق ہوجاتے ہیں اسی لئے تو بھانت بھانت کے بھکاری اور چندہ مانگنے والے چڑھ دوڑتے ہیں اور مسافروں سے کچھ نہ کچھ بٹور ہی لیتے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ اس دان میں ترس سے زیادہ ان کی مسلسل التجا، بے سری نعت خوانی اور رٹی رٹائی اور دسیوں بار دہرائی ہوئی تقریر کا بھی ہوتا ہے ، رہ گیا مسجد کا چندہ تو وہ تو جہاد کشمیر اور افغانستان کی طرح تاقیامت جاری رہے گا، کہ اسلام ہمیشہ خطرے میں اور مدرسہ ہمیشہ زیر تعمیر رہتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments