جب گاڑی آٹو پائلٹ پہ لگا کے بھویش پٹیل خود ساتھ والی سیٹ پہ آرام کرنے لگا


 برطانیہ میں ایک شخص کے گاڑی چلانے پر 18ماہ کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے اور اس کا جرم ایسا تھا کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق 39سالہ بھویش پٹیل نامی یہ شخص ایم ون موٹروے پر اپنی ٹیسلا کار میں سفر کر رہا تھا۔ اس دوران اس نے کار کو آٹوپائلٹ پر کیا اور خود ڈرائیونگ سیٹ سے نکل کر ساتھ والی سیٹ پر آرام کرنے لگ گیا، تاہم کچھ فاصلے پر ہی اسے پولیس نے روک لیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں پٹیل کو البانز کراؤن کورٹ میں پیش کر دیا جہاں سے اب اس کے ڈرائیونگ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔عدالت میں پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ ’’اگرچہ ٹیسلا کار آٹوپائلٹ پر خودکار طریقے سے چلتی ہے تاہم قانون کے مطابق پھر بھی اس کی ڈرائیونگ سیٹ پر کسی شخص کا موجود ہونا بہت ضروری ہے، ورنہ وہ کسی بھی وقت حادثے کا شکار ہو سکتی ہے۔اسے کلی طور پر آٹوپائلٹ پر چھوڑنا نہ صرف اس گاڑی میں موجود شخص کے لیے بلکہ سڑک پر سفر کرتے دیگر افراد کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔ ٹیسلا گاڑی کو آٹوپائلٹ پر کرنے کے باوجود ڈرائیور کے لیے سڑک پر نظر رکھنی لازمی ہوتی ہے۔‘‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).