وزیرِ داخلہ کی اپیل مسترد، کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنا جاری


احسن اقبال

وزیرِ داخلہ احسن اقبال مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے دوران

کوئٹہ میں احتجاجی ہزارہ قبیلے کے ارکان نے پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال کی اپیل کے باوجود اپنا دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

وزیرِ داخلہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف احتجاج کرنے والے ہزارہ قبیلے کے افراد سے مذاکرات کے لیے پیر کو رات گئے ہنگامی دورے پر کوئٹہ پہنچے تھے۔

تاہم مظاہرین کے قائد اور مجلس وحدت المسلمین کے رکن اسمبلی آغا رضا نے کہا کہ لوگوں کا یہ مطالبہ ہے کہ جب تک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نہیں آئیں گے وہ اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

اسی بارے میں

’کوئٹہ میں اتنے دنبے ذبح نہیں ہوئے جتنے ہزارہ قتل ہوئے‘

ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال

گذشتہ ہفتے وقوع پذیر ہونے والے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف ہزارہ قبیلے کے افراد شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کر رہے ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق اس سلسلے میں علمدار روڈ، مغربی بائی پاس اور بلوچستان اسمبلی کی عمارت کے سامنے قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے، جب کہ پریس کلب کے باہر بھی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔

قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کے احتجاج کے خاتمے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ بلوچستان اسمبلی کی عمارت کے باہر پہنچے جہاں مجلس وحدت المسلمین سے تعلق رکھنے والے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا کی قیادت میں لوگ دھرنے پر بیٹھے ہیں۔

دھرنے کے شرکا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سکیورٹی فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے اہلکار قربانی دے رہے ہیں جس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے بلوچستان میں رواں سال کے دوران دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 54 افراد میں سے 37 سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث ملک میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گرد ہزارہ برادری کو نہیں بلکہ پاکستان کو نشانہ بنارہے ہیں۔

احسن اقبال نے یہ یقین دہانی کرائی کہ ہزارہ برادری کے افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس موقعے پر آغا رضا نے کہا کہ ‘جب تک ہم سعودی عرب کے چکر سے نہیں نکلیں گے اس وقت تک ہم ان حالات سے باہر نہیں آ سکیں گے۔’

انھوں نے کہا کہ ‘سعودی عرب کے مفادات کو دنیا کے کسی علاقے زک پہنچتی ہے تو اس کا بدلہ کوئٹہ کے ہزارہ قبیلے کے افراد سے لیا جاتا ہے۔’

احسن اقبال نے کہا کہ ہم آپ کو ایک کارکردگی کی بنیاد پر درخواست کر رہے ہیں کہ دھرنا ختم کریں لیکن رات گئے ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں یہ دھرنے ختم نہیں کیے گئے۔

احسن اقبال پنجابی امام بارگاہ بھی گئے جہاں انھوں نے ٹارگٹ کلنگ میں قتل ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp