چینی شہری 30 کروڑ کاکروچ کس لیے پال رہا ہے؟ انوکھی کہانی


چینی قوم کی ذہانت سے آپ ضرور واقف ہوں گے۔ یہ لوگ کوئی ایسا کام کر دکھاتے ہیں جس کا باقی دنیا میں ابھی کسی کو خیال بھی نہیں آیا ہوتا۔ مثال کے طور پر اس چینی شہری کو دیکھ لیجئے جس نے غذائی کچرہ صاف کرنے کے لئے کاکروچ کی فوج تیار کر لی ہے اور جو ایسی سرعت کے ساتھ اپنا کام کرتی ہے کہ دیکھنے والوں کی عقل حیران رہ جاتی ہے۔

پہلے تو یہ جان لیجئے کہ چین میں سالانہ چھ کروڑ ٹن باورچی خانے کا کچرہ پیدا ہوتا ہے جس میں بچا کھچا کھانا اور کھانے کی تیاری کے دوران جمع ہونے والا کچرہ شامل ہوتا ہے۔ کچرے کی اس بھاری مقدار کو ٹھکانے لگانے کے لئے فرمینٹیشن کی ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے جس پر بھاری رقم بھی خرچ ہوتی ہے اور یہ ماحولیاتی مسائل بھی پیدا کرتی ہے۔حینان صوبے کے شہر ژانگ کیو سے تعلق رکھنے والے شہری لی یانرونگ نے اس مسئلے کا انوکھا حل دریافت کیا۔ اس نے بڑی تعداد میں امریکی کاکروچ پال لئے ہیں جنہیں جتنا غذائی کچرہ دیا جائے وہ دیکھتے ہی دیکھتے چٹ کر جاتے ہیں۔ لی یانرونگ کے پاس لگ بھگ 30 کروڑ کاکروچ ہیں جو ایک دن میں 15 ٹن غذائی کچرہ کھا جاتے ہیں۔ ان کے کاکروچ فارم پر روزانہ ٹنوں کے حساب سے کچرہ لایا جاتا ہے جو شام تک ختم ہو چکا ہوتا ہے۔

لی یانرونگ اپنے کاکرچوں پر بہت فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا ”میرے کاکروچ سب کچھ کھا جاتے ہیں۔ یہ نرم ہو یا سخت، کھٹا ہو، میٹھا ہو، کڑاوا ہو یا ترش، وہ کچھ نہیں چھوڑتے۔ میرے پاس امریکی کاکروچ ہیں۔ یہ سائز میں بڑے ہوتے ہیں اور ان کی خوراک زیادہ ہوتی ہے۔میرے کاکروچوں کا مجموعی وزن 30 ٹن سے زیادہ ہے لیکن میری کوشش ہے کہ میرے پاس 4000 ٹن کاکروچ ہوں جو روزانہ 200 ٹن کچرے کا خاتمہ کر سکیں۔ “ جی تو کیا کہتے ہیں آپ؟ کاکروچ کا ایسا استعمال کبھی سنا تھا آپ نے؟ یقیناً یہ چینی ہی ہیں جو ایسا انوکھا کام کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).