نواز شریف اور اُن کی بیٹی مجھ پر طعنہ زنی کرتے ہیں: چوہدری نثار


نثار

چوہدری نثار نے کہا کہ’خلائی مخلوق’ کے بارے میں نواز شریف کے بیان سے انھیں افسوس ہوا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رکن چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی اُن پر طعنہ زنی میں مصروف ہیں لیکن انھوں نے واضح کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن سے علیحدگی اختیار نہیں کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ انھیں اس بات پر فخر تھا کہ اُن کی پارٹی میں اختلافِ رائے کو سنا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ‘میں نے نواز شریف کو کہا کہ اداروں کے خلاف باتیں نہ کریں۔‘

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آئے روز سوشل میڈیا پر اُن کے خلاف ایک نئی کہانی سنائی جاتی ہے اور ‘میاں صاحب اور اُن کی بیٹی میرے ساتھ طعنہ زنی میں مصروف ہیں کبھی شعر کے ذریعے کبھی کسی اور طریقے سے۔’

انھوں نے کہا کہ ’میری کردار کشی کی جا رہی ہہ لیکن میں پارٹی نہیں چھوڑ رہا ہوں‘۔

چوہدری نثار کی جانب سے پارٹی نہ چھوڑنے کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بعض حلقوں کی جانب سے یہ افواہیں سامنے آ رہی تھیں کہ وہ مسلم لیگ نواز سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔

مریم نواز
چوہدری نثار نے کہا کہ اختلافِ رائے پر نواز شریف اور مریم نواز انھیں برا بھلا کہتے ہیں

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں ملک کے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد کئی ناراض اراکین اُن کے پاس آئے تھے کہ الگ گروپ بنا لیا جائے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ‘میں نے تمام افراد کو پارٹی کے ساتھ رہنے کا مشورہ دیا۔ برا کہنے والے آج وفادار ہیں لیکن ساری عمر ساتھ دینے والا اختلاف کرنے پر اب برا بن گیا ہے۔’

چوہدری نثار نے کہا کہ ‘نواز شریف اور اُن کے پیادوں کو کہتا ہوں کہ میں نے 34 سال پارٹی کی خدمت کی ہے۔ نواز شریف سچ سنیں اور مشکل وقت میں سچ سننا اور بھی ضروری ہو جاتا ہے۔’ انھوں نے کہا کہ ‘مجھے لگتا ہے میں نے اپنی زندگی ضائع کی ہے جبھی مجھے آج یہ وضاحتیں دینا پڑ رہی ہیں۔’

چوہدری نثار نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو خط لکھ کر کہا تھا کہ مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا جائے اور تمام معاملات پر مشاورت کے بعد مشترکہ فیصلہ کر کے اٹھیں لیکن نواز شریف نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انھوں نے واضح کیا کہ ‘خلائی مخلوق’ کے بارے میں نواز شریف کے بیان سے انھیں افسوس ہوا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل نواز شریف نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات میں اُن کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے۔ جس کے بعد ملک میں سوشل میڈیا پر ‘خلائی مخلوق’ کا بہت تذکرہ ہوا تھا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ سول عسکری تعلقات میں انھوں نے ہمیشہ نواز شریف اور سویلین حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلوائیں اور اس مسئلے کو حل کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp