کوئٹہ سے شائع ہونے والا آن لائن اردو جریدہ “حال حوال” بند کر دیا گیا


کوئٹہ سے شائع ہونے والا آن لائن اردو نیوز پیپر Haalhawal.com  کی ویب سائٹ اچانک بند کر دی گئی ہے۔ حال حوال نامی آن لائن اخبار کی اشاعت 2016 میں شروع کی گئی تھی۔ یہ آن لائن ویب سائٹ بلوچستان کے سیاسی، معاشرتی، تہذیبی اور تمدنی معملات پر متوازن رائے سازی کا قابل تعریف کام کر رہی تھی۔ اس ویب سائٹ پر کبھی تشدد یا تفرقہ بازی کی ترویج نہیں کی گئی۔ حال حوال کی پالیسی اس ویب سائٹ پر واضح لفظوں میں کچھ یوں بیان کی گئی ہے

بلوچستان سے متعلق بامعنی اور باسلیقہ علمی مکالمے کا فروغ “حال حوال” کا بنیادی مطمع نظر ہے۔ ہم ایسے تمام خیالات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو بلوچستان کو ایک پرامن، روشن خیال اور خوش حال خطہ دیکھنے کے خواب پر مبنی ہوں.” اس کے علاوہ اس ویب سائٹ پر دوٹوک انداز میں ہر قسم کی قانون شکنی کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

حال حوال کے پبلشر اور مدیر شبیر رخشانی نے بتایا ہے کہ اطلاعات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے تین روز قبل اس ویب سائٹ تک رسائی پر پابندی لگا دی ہے۔ حال حوال تک رسائی کی کوشش کرنے پر ایک پیغام سامنے آتا ہے کہ “یہ ویب سائٹ ناقابل رسائی ہے۔ اس پر موجود مواد کو پاکستان مین دیکھنے کی اجازت نہیں ہے”۔

شبیر رخشانی اور ان کے رفقا پاکستان کے معروف صحافی ہیں اور اپنے انسان دوست، امن دوست اور وطن دوست نقطہ نظر کے لئے جانے جاتے ہیں۔ شبیر رخشانی کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے اس اقدام کی وجہ دریافت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابھی تک انہیں کوئی ردعمل موصول نہیں ہوا۔

ادارہ “ہم سب” حکومت کے اس اقدام کو صحافت کی آزادی پر حملہ تصور کرتے ہوئے اس کی غیرمشروط مذمت کرتا ہے۔ ریاستی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں حالات  تیزی سے معمول پر آ رہے ہیں۔ ایسے میں ایک متوازن، پرامن اور پیشہ ورانہ صحافتی آواز کی بندش سے وفاق پاکستان کی اکائیوں میں ہم آہنگی، آزادی اظہار کے آئینی حق نیز بلوچ ہم وطنوں کے موقف سے آگہی کی کوششوں کو سخت نقصان پہنچے گا۔

ادارہ “ہم سب” متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتا ہے کہ حال حوال تک حسب معمول رسائی کو یقینی بنایا جائے نیز اس کے ادارتی عملے کو ممکنہ پیشہ ورانہ کوتاہی سے آگاہ کیا جائے۔

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).