خلائی مخلوق تو نہیں، البتہ تارے نظر آ رہے ہیں: حمزہ شہباز


سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی یا تحریک انصاف سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق کیساتھ ہے لیکن جب حمزہ شہباز شریف سے ’خلائی مخلوق‘ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ایسا جواب دیدیا کہ صحافیوں کی بھی ہنسی چھوٹ گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے جو 11 نکاتی پروگرام دیا ہے، وہ نتھیا گلی سے فرصت حاصل کر کے اس پر عملدرآ مد کر کے دکھاتے۔ قوم نے اس کھیل تماشہ کا حساب 2018ءکے الیکشن میں لینا ہے اور اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا ہے۔ قوم میں شعور بیدار ہو چکا ہے اور اب ڈیلیور کرنے پر ہی بات بنے گی۔

چوہدری کی پریس کانفرنس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار ہمارے پرانے ساتھی ہیں جن کا اپنا ایک مقام ہے اور وہ اپنی رائے کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ پارٹی میں مختلف آراءہوتی ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے کام کیا ہے اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو اجالوں میں بدلا ہے۔ میاں نواز شریف کی قیادت میں کراچی میں امن آیا ہے اور اللہ نے چاہا تو مسلم لیگ (ن) دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔

جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کا مقابلہ پی ٹی آئی یا پی پی سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق کیساتھ ہے، تو آپ بھی کافی عرصے سے سیاست میں ہیں، کیا آپ کا کبھی خلائی مخلوق کے ساتھ مقابلہ ہوا ہے تو انہوں نے ہنستے ہوئے اوپر دیکھا اور کہا ”ابھی تو اوپر تارے نظر آ رہے ہیں“ جس پر صحافی بھی قہقہے لگانے پر مجبور ہو گئے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).