مے نوش اور بادہ خوار ۔۔۔۔ مجھے ووٹ دیں: عراقی سیاست دان کا انتخابی نعرہ


انتخابی سیاست میں ووٹ مانگنے کے لئے ذات، برادری اور مسلک کے واسطے دنیا بھر میں دیئے جاتے ہیں تاہم عراق میں 12 مئی کو ہونے والے انتخابی معرکہ میں ایک امیدوار ایسے بھی ہیں کہ جنہوں نے روایت سے ہٹ کر “مے نوشی” کرنے والوں کے سامنے ووٹ کے لئے دست سوال دراز کیا ہے۔

عراقی رکن پارلیمنٹ اور سویلین اتحاد کے سربراہ فائق الشیخ علی نے رندوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ مے نوشی کا اپنا شوق بلا روک ٹوک جاری رکھنا چاہتے ہیں تو وہ انہیں ووٹ دے کر ایک مرتبہ پھر پارلیمنٹ کا رکن منتخب کرائیں۔

بغداد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراقی پارلیمنٹرین نے مے نوشوں کو وہ وقت یاد دلایا کہ جب وہ صرف اکیلے ہی ان کے “شوق” کا تحفظ کرنے کے لئے میدان میں رہ گئے تھے۔

فائق علی عراق میں شراب کی فروخت پر پابندی کی مخالفت کرنے والے پہلے منتخب نمائندے ہیں۔ انھوں نے رندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ”عراق کی آٹھ ہزار سالہ قدیم تاریخ میں میرے سوا کسی نے تمھارا ساتھ نہیں دیا ۔۔۔۔ اب وقت آ گیا ہے، تم میرا ساتھ دو، مجھے ووٹ دو۔”

انھوں نے بتایا کہ کیسے دوسرے تمام سیاست دان شراب پر پابندی کی مخالفت سے خوف زدہ تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).