انڈیا کا آسٹریلیا کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار


آسٹریلیا

آسٹریلیا کے کرکٹ حکام کے مطابق انڈیا کی جانب سے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کے بعد اب یہ ٹیسٹ دن کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔

حکام کے مطابق یہ ٹیسٹ دسمبر میں ایڈیلیڈ کے میدان میں گلابی گیند سے دن کے وقت کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے سنہ 2015 سے لے کر اب تک چار ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور چاروں میں وہ فاتح رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انڈیا جس نے ابھی تک گلابی گیند سے ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا وہ اپنے میزبان کو فائدہ دینے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے کیونکہ وہ آسٹریلیا میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’گلابی گیند اور وکٹ کے بارے میں اندازے غلط نکلے`

گلابی گیند بالکل سوئنگ نہیں ہو رہی: وہاب ریاض

مستقبل نائٹ کرکٹ اور گلابی گیند کا ہے

گلابی گیند پاکستانی کرکٹرز کا امتحان

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے ایک بیان میں کہا ہے’ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ہمیں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے درخواست موصول ہوئی کہ وہ مجوزہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘

آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کا مزید کہنا تھا ’ہم اب اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ اب یہ ٹیسٹ میچ دن کے وقت کھیلا جائے گا۔‘

دوسری جانب انڈین کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی ہائی پروفائل سیریز کے دوران اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنا نہیں چاہتے ہیں۔

کیا ڈے نائٹ ٹیسٹ کا مستقبل ہے؟

بی سی سی آئی کے ایک منتظم ونود رائے نے رواں سال کے شروع میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا ’ہاں یہ بات بالکل واضح ہے کہ ہم آسٹریلیا کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیل رہے اور اس بارے میں کوئی شبہ نہیں ہے۔‘

جیمز سدرلینڈ نے ایس ای این نیوز کو بتایا ’انڈیا میں ہمیشہ تھوڑی سی گبھراہٹ اور قدامت پرستی ہے اور میرا خیال ہے کہ وہ یہاں آنا اور ہمیں ہرانا چاہتے ہیں۔‘

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق ’یہاں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ آسٹریلیا نے گلابی گیند سے کھیلے جانے والے تمام ٹیسٹ میچوں جیت لیے ہیں اور یہ ہمیں تھوڑا ایڈوانٹیج فراہم کرتا ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp