برطانیہ، فرانس یا جرمنی پر بھروسہ نہیں، معاہدہ جاری رکھنے سے پہلے ضمانت لیں: خامنہ ای


خامنہ ای

ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے جوہری معاہدے سے نکلنے کا فیصلہ کر کے ’غلطی‘ کر دی ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ’میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں، امریکہ پر بھروسہ نہ کرو۔‘

انھوں نے ایرانی حکومت سے کہا کہ وہ اس معاہدے کو جاری رکھنے کے لیے راضی ہونے سے قبل یورپی طاقتوں سے ضمانت لیں۔

خیال رہے کہ 2015 میں ہونے والا یہ جوہری معاہدہ ایران اور اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین اور روس سمیت جرمنی کے درمیان ہوا تھا۔

صدر ٹرمپ کے جوہری معاہدے پر فیصلے کے بعد کیا ہو گا؟

’جوہری معاہدے سے نکل رہے ہیں، ایران پر پابندیاں لگیں گی‘

گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا تھا کہ وہ اس جوہری معاہدے سے نکل رہے ہیں اور ایران پر سخت پابندیاں لگانے والے ہیں۔

تاہم اس معاہدے میں شامل دیگر ممالک نے کہا ہے کہ وہ اب بھی اس معاہدے میں ہیں اور اسے جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

تاہم ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو کچھ شبہات لاحق ہیں اور انھوں نے ٹی وی پر خطاب میں کہا ہے کہ وہ ’برطانیہ، فرانس یا جرمنی پر بھروسہ نہیں کرتے، اور اس معاہدے کو جای رکھنے سے قبل ان ممالک سے ضمانت لینے کی ضرورت ہے۔‘

ٹرمپ

انھوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم یہ سن رہے ہیں کہ آپ اس جوہری معاہدے کو تین یورپی ممالک کے ساتھ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ مجھے ان تین ممالک پر اعتماد نہیں ہے۔‘

’اگر آپ اس معاہدے کے نتائج چاہتے ہیں تو پہلے حقیقی ضمانت لیں، ورنا کل یہ بھی وہی کریں گے جو امریکہ نے کیا ہے۔‘

انھوں نے عالمی رہنماؤں کے حوالے سے کہا کہ ’ان کے الفاظ کی کوئی وقعت نہیں ہے۔‘

ایران کے رہبر اعلیٰ نے کہا: ’آج ایک بات کرتے ہیں اور کل دوسری۔ انھیں شرم نہیں آتی۔‘

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبرادار کیا ہے کہ اگر اس نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو ’شدید نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں امید تھی کہ ایران نئے معاہدے کے لیے مذاکرات کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ایران کو مشورہ دوں گا کہ وہ اپنے جوہری معاہدے کو شروع نہ کرے۔ میں انھیں سختی کہ ساتھ مشورہ دوں گا۔ اگر انھوں نے ایسا کیا تو اس کے شدید نتائج ہوں گے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp