مرد کو ہراساں کرنے والی خاتون گرفتار


پاکستان میں سائبر کرائم کی تاریخ کا انوکھا اور منفرد کیس سامنے آگیا، اندرون سندھ ایک مرد کو خاتون کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر شیخ کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے مرد کو فیس بُک اور واٹس ایپ پر ہراساں کیا، مرد کی قابل اعتراض تصاویر اُسے بھیج کربلیک میل کرنے کی کوشش کی۔

خاتون نے مرد سے کچھ رقم اینٹھی اور مزید رقم کا مطالبہ بھی کیا۔ منیر شیخ کے مطابق مرد کی جانب سے ایف آئی اے سائبرکرائم کو ہراساں کیےجانے کی شکایت کی گئی جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے ایکشن لیا اور خاتون کو گرفتار کرلیا، خاتون سے کمپیوٹر اورموبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق خاتون نے دوران تفتیش مرد کو ہراساں کرنے کا اعتراف بھی کرلیا۔ خاتون نے دوران حراست دعویٰ کیا کہ اُس نے یہ سب شادی سے انکار پر کیا، ملزمہ اور مدعی میں راضی نامہ ہونے پرخاتون کو رہا کرکے کیس بند کردیا گیا۔

بشکریہ جنگ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).