صومالیہ میں مذہبی انتہا پسند گروہ الشباب نے خاتون کو سنگسار کر دیا گیا


صومالیہ میں شدت پسند گروہ الشباب کے جنگجوؤں نے ایک خاتون کو سنگسار کر دیا۔ اس پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس کے متعدد شوہر ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بدھ کے دن بتایا ہے کہ صومالیہ کے زیریں شبیلی ریجن میں ایک تیس سالہ خاتون کو پتھر مار مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سنگساری کو دیکھنے کی خاطر درجنوں افراد وہاں موجود تھے۔

شکری عبداللہ نامی اس خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کے گیارہ شوہر تھے۔ شبیلی ریجن میں شدت پسند گروہ الشباب کے گورنر محمد ابو اسامہ نے روئٹرز کو بتایا کہ اس خاتون کے نو شوہروں نے ’ایک عدالت‘ میں بیان دیا تھا کہ شکری ان کے نکاح میں ہے۔ ان میں شکری کا قانونی خاوند بھی شامل تھا۔

الشباب نامی انتہا پسند گروہ صومالیہ میں اسلامی قوانین کے نفاذ کی خاطر مسلح بغاوت جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس جنگجو گروہ نے اپنے زیر قبضہ علاقوں میں اپنا عدالتی نظام قائم کر رکھا ہے، جہاں سزاؤں کے خلاف اپیل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یہ عدالتیں ماضی میں بھی ملزمان کو سخت سزائیں سنا چکی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).