امریکی صدر صدر ٹرمپ کا شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان سے جون میں ملاقات کا اعلان


کوریا

امریکی صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے جون کے مہینے میں سنگاپور میں ملاقات کریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے جون کی 12 تاریخ کو سنگاپور میں ملاقات کریں گے۔

گذشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس فیصلے سے تمام مبصرین کو حیرانی میں ڈال دیا جب انھوں نے شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے ملاقات کی دعوت قبول کر لی۔

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’ہم دونوں اس ملاقات کو دنیا میں امن کے حصول کے لیے خاص موقع بنانے کی کوشش کریں گے۔‘

صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کے بارے میں مزید جاننے کے لیے پڑھیے

’کم جونگ ان سے ملنا اعزاز کی بات ہوگی‘

’کم سے ملاقات فائدہ مند نہ لگی تو واک آؤٹ کر جاؤں گا‘

’اکیسویں صدی کا سب سے اہم سیاسی جوا‘

’ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا سے ملاقات کے خطرات جانتے ہیں‘

اس سے قبل دونوں رہنما ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں اور ساتھ ساتھ دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کا اعلان چند دن قبل شمالی کوریا کے رہنما کی جنوبی کوریا میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کے بعد آیا ہے۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/994587349718847489

خیال رہے کہ گذشتہ روز شمالی کوریا میں قید تین امریکی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا تھا اور وہ امریکہ واپس پہنچ گئے جہاں صدر ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا۔

ان افراد کی رہائی اس وقت ہوئی جب امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کے حوالے سے معاملات طے کرنے شمالی کوریا پہنچے ۔

واضح رہے کہ ماضی میں آج سے پہلے کسی امریکی صدر کی شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

کوریا

صدر ٹرمپ شمالی کوریا سے رہائی پانے والے امریکی شہریوں سے ملاقات کر رہے ہیں

وائٹ ہاؤس کی جانب سے پیغام میں کہا گیا کہ تین امریکیوں کی رہائی سے ملاقات کے لیے فضا بہتر ہوئی ہے اور صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات ‘بہت کامیاب’ رہے گی۔

انھوں نے کہا ‘مجھے لگتا ہے کہ یہ ہمارے پاس بہت اچھا موقع ہے کچھ بڑا کام کرنے کا۔’

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں زیر بحث آنے والا اہم موضوع شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار ہوں گے جس کے بارے میں امریکہ کا موقف ہے کہ انھیں تلف کیا جائے۔

البتہ شمالی کوریا کی جانب سے ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے کہ وہ اس ملاقات میں کیا بات کریں گے لیکن امکان ہے کہ وہ جنوبی کوریا میں 30000 امریکی فوجیوں کی موجودگی کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کریں گے اور ساتھ ساتھ شمالی کوریا پر لگائی گئی پابندیوں کو ہٹانے کے بارے میں بات کریں گے۔

کوریا

اپریل میں شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں نے تاریخی ملاقات کی تھی

اپریل میں شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں کی ملاقات میں دونوں نے خطے سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے بارے میں بات کی تھی لیکن واضح نہیں کیا گیا تھا کہ اس مقصد کا حصول کس طرح ممکن ہوگا۔

سنگاپور اس سے پہلے ماضی میں بھی اہم سفارتی ملاقاتوں کی میزبانی کر چکا ہے۔ 2015 میں چین اور تائیوان کے رہنماؤں میں بھی ملاقات ہوئی تھی جو کہ 60 سال میں پہلا موقع تھا۔

سنگاپور کے امریکہ سے قریبی تعلقات ہیں جبکہ شمالی کوریا کے ساتھ ان کے سفارتی تعلقات ہیں مگر انھوں گذشتہ سال نومبر سے تجارت معطل کی ہوئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp