پشاور میں جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹل میں دھماکا: 5 افراد جاں بحق


پشاور جی ٹی روڈ پر بلال ٹاؤن میں واقع نجی ہوٹل میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق پشاور کے جی ٹی روڈ پر بلال ٹاؤن کی سڑک کے کنارے واقع نجی ہوٹل کی چوتھی منزل پر زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہوٹل کے کمرہ نمبر 408 میں موجود ایک ہی خاندان کے 4 افراد بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں میاں بیوی اور دو بچے شامل ہیں جب کہ برابر والے کمرہ میں موجود 3 افراد بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو نے فوری طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا جس میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے سے ہوٹل کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے جو کہ نیچے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں پر آ گرے اور جزوی طور پر چند گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ دھماکے کے بعد ہوٹل میں لگی آگ بھڑک اٹھی اور فوراً ریسکیو کو اطلاع دی گئی جس کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ہوٹل میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔ علاوہ ازیں ہوٹل میں ٹھہرے باقی مسافروں کو ریسکیو 1122 نے باحفاظت نکال لیا ہے جب کہ پولیس، فائربریگیڈ، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر موجود ہیں جو کہ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگا رہے ہیں کہ آیا دھماکا گیس سلنڈر کا تھا، شارٹ سرکٹ کا تھا یا بارودی مواد سے کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).